عازمین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال حج انتظامات کا بہتر لائحہ عمل وضع کیا ہے‘ ڈائریکٹر حج

امسال عازمین کی خواہش پر انہیں تین وقت تیار کھانا فراہم کیا جائیگا،عرفات میں عازمین کیلئے آگ سے محفوظ خیمے دستیاب ہونگے پاکستان عازمین کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ایک ایک ہسپتال قائم کیا گیا ہے‘ سید امتیاز حسین شاہ

منگل 15 اگست 2017 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اگست ء)وزارت مذہبی امور نے عازمین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال حج انتظامات کا بہتر لائحہ عمل وضع کیا ہے،امسال سرکاری حج سکیم کے تحت جانے والے حجاج کرام کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت تقریباًپچاس فیصد زائد ہے ۔یہ بات ڈائریکٹر حج سید امتیاز حسین شاہ نے سرکاری ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کے لئے اس سال کھانے کی فہرست تبدیل کر کے اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے جبکہ عازمین کو رہائش کی ہر ممکن بہتر سہولت کی فراہمی کے لئے بھی کوششیں کی گئی ہیں۔گزشتہ سال منی میں حجاج کو ایک وقت کا تیار کھانا اور ناشتے میں خشک خوراک فراہم کی گئی تھی تاہم اس سال عازمین کی خواہش پر انہیں تین وقت تیار کھانا فراہم کیا جائے گاجیسے انہیں رہائشی عمارتوں میں فراہم کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

عرفات میں عازمین کیلئے آگ سے محفوظ خیمے دستیاب ہوں گے۔سید امتیاز حسین شاہ نے کہا کہ سال سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 71ہزار عازمین نے فریضہ حج ادا کیا تھا جبکہ اس سال یہ تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 7ہزار ہو گئی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت تقریباًپچاس فیصد زائد ہے ۔انہوں نے کہا کہ حرم شریف آنے اور جانے میں حجاج کی سہولت کیلئے چوبیس گھنٹے ٹرانسپورٹ کے نظام کا بندوبست کیا گیا ہے ۔

حج میڈیکل مشن سے متعلق ایک سوال پر ڈائریکٹر جنرل حج نے کہا ہے کہ پاکستان عازمین کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ایک ایک ہسپتال قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے ہر سیکٹر میں نو شفاخانے بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں پاکستانی عازمین حج رہائش پذیر ہیں۔سید امتیاز حسین شاہ نے کہا کہ کسی بھی پاکستانی عازم حج کو فوری طبی امداد دینے کیلئے موبائل شفاخانے بھی فعال ہیں۔

متعلقہ عنوان :