فرعونوں کے زمانے کے تابوت سے آفت نکلنے کی افواہ مصر بھر میں پھیل گئی

تابوت کے اندر سے تین لوگوں کی ہڈیاں نکلیں، یہ بظاہر ایک خاندان کی مشترکہ تدفین لگتی ہے،محکمہ آثارقدیمہ

جمعہ 20 جولائی 2018 15:31

مصر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء)دو ہفتے پہلے مصر میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے اسکندریہ سے سنگِ سیاہ سے تراشا گیا ایک بہت بڑا تابوت کھود نکالا تھا جس کی عمر کا تخمینہ دو ہزار سال لگایا گیا تھا۔اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ایک افواہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔کیا اس تابوت کے اندر کوئی خوفناک بلا چھپی ہے جو نکل کر سارے ملک یا پھر ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی میڈیارپورٹس کے مطابق جن ماہرین نے اسے کھولا ہے وہ کہتے ہیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

اس کی بجائے تابوت سے تین ڈھانچے برآمد ہوئے اور ساتھ ہی ایک ناقابلِ برداشت بدبو۔مصر کے محکمہ آثارِ قدیمہ نے تابوت کشائی کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی مقرر کی تھی۔انھوں نے تابوت کا ڈھکن دو انچ بھی نہیں اٹھایا تھا کہ تیز بدبو نے انھیں وہاں سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔

(جاری ہے)

بعد میں تابوت کھولنے کے لیے فوج کی خدمات حاصل کی گئیں اور فوجی انجینیئروں نے تابوت کا بھاری ڈھکن اٹھایا۔

محکمہ آثارِ قدیمہ کے سیکریٹری جنرل مصطفیٰ وزیری نے کہاکہ تابوت کے اندر سے تین لوگوں کی ہڈیاں نکلیں، یہ بظاہر ایک خاندان کی مشترکہ تدفین لگتی ہے۔ بدقسمتی سے ممیاں اچھی حالت میں نہیں ہیں اور صرف ان کی ہڈیاں بچی ہیں۔میڈیا میں آنے والے خدشات کے بارے میں کہ تابوت کھولنے سے فرعونوں کے زمانے کی کوئی آفت پھیل جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے اسے کھول لیا ہے، اور الحمدللہ دنیا ابھی تک اندھیروں میں نہیں ڈوبی۔

متعلقہ عنوان :