قطر اسلام آباد ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کی پوزیشن میں آگیا

ایئرپورٹ کے انتظام کے لیے معاہدہ جلد ہونے کے قریب ہے۔ حکام وزارت خزانہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 27 جولائی 2023 14:46

قطر اسلام آباد ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کی پوزیشن میں آگیا
دوحہ/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی2023ء) قطر اسلام آباد ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کی پوزیشن میں آگیا۔ مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق قطر نے پاکستان کے ہوائی اڈے چلانے کے لیے حریفوں کو شکست دے دی ہے، جس کے لیے قطر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے مقابلے کو روکنے کے لیے پاکستان کے ساتھ اسلام آباد ایئر پورٹ چلانے کے حوالے سے معاہدہ کرنے کی کوشش کی ہے، اس ضمن میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (IFC) کے ساتھ مشاورت کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کے انتظام کے لیے ایک معاہدہ جلد مکمل ہونے کے قریب ہے۔

اپنے بیان میں وزارت نے کہا کہ پاکستان نے تین بڑے ہوائی اڈوں پر آپریشن کی آؤٹ سورسنگ شروع کر دی ہے اور اسلام آباد ان میں سے پہلا ایئرپورٹ ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے متفقہ طور پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ صنعت کے بہترین طریقوں کے مطابق خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بیمار معیشت کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر پیدا کرنا اس کی فروخت کی وجہ بتائی جاتی ہے، اس سلسلے میں پاکستان اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر مشترکہ طور پر ٹرمینلز چلانے کے لیے قطر کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ سال کے آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دوحہ کے دورے کے بعد پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا، قطر کے پڑوسی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ چین پاکستان کے اہم ہوائی اڈوں کو چلانے کے معاہدے کی دوڑ میں شامل پانچ ممالک ہیں۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں