یوتھ کی اصل طاقت ہمارے ساتھ ہے،نواز شریف

پاکستان کو مستحکم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،کچھ لوگ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں کہ یوتھ ان کے ساتھ ہے،ن لیگ کے قائد کا گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 3 فروری 2024 17:42

یوتھ کی اصل طاقت ہمارے ساتھ ہے،نواز شریف
گوجرانوالا(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 فروری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے پاکستان کی یوتھ کی اصل طاقت ہمارے ساتھ ہے، کچھ لوگ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں کہ یوتھ ان کے ساتھ ہے۔یوتھ یہ ہے  جو اصل پاکستانی ہے جو بڑوں کا ادب کرتی ہے۔گوجرانوالہ میں ن لیگ کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم لوگ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان مستحکم نہیں ہوجاتا۔

وہ جج جس نے مجھے سزا دلوائی اور بطور وزیر اعظم میری چھٹی کرائی وہ استعفیٰ دے کر چلا گیا اور اگر میں رہتا اور میری چھٹی نہ کرائی جاتی تو ہر ایک کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور لوگ خوشحال ہوتے۔ جب تک گھروں میں روشنی کے چراغ نہیں جل جاتے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ہم سب یہاں موجود ہے ہم پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، غربت اور بے روزگاری ختم کریں گے، اسکول، اسپتال اور موٹر وے بنائیں گے، جو مجھ سے پہلے شہباز شریف نے آپ سے وعدے کئے ہیں انہیں پورا کریں گے۔

میرے دور حکومت میں موٹر سائیکل، ٹریکٹر، گیس، روٹی، پیٹرول،آٹا، چینی اور دیگر اشیا کی قیمتیں کم تھیں اور آج ان کی قیمتیں دیکھیں، یہ عوام پر ظلم ڈھایا گیا۔ہم انتقام کی سیاست کو دفن کرکے پھر ترقی کی سیاست شروع کریں گے، ہمارا فرض ہے کہ قوم کی تقدیر بدل دیں، انشااللہ ہم اس میں کامیاب ہوں گے، 8فروری کا سورچ پاکستان کی ترقی کا سورج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دورمیں ریکارڈکرپشن بڑھی۔ملک میں لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کی، غربت بھی کم ہورہی تھی، ہم نے آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا، اور آئی ایم ایف نے کہا کہ اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو دوبارہ اسے آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہو گی لیکن یہ اس وقت اسلام آباد میں دھرنے دے رہے تھے۔ہم انشااللہ ہم پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، بجلی سستی کریں گے اور موٹر وے بنائیں گے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں