یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے کوہالہ کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے بعد تقریب کا انعقاد، تقریب کی صدارت وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ نے کی ، وزیر برقیات پنجاب راجہ راشد حفیظ کا بھی خطاب

بدھ 5 فروری 2020 15:10

کوہالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2020ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے کوہالہ کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے بعد تقریب کا انعقاد کیا گیا جس پاکستان کے چاروں صوبوں سے آئے ہوئے حکومتی عہدیداران اور عوام نے شرکت کی ۔ تقریب کی صدارت وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ نے کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برقیات پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں اور پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں ۔ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ان کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کے وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی منانے کیلئے یہاں آیا ہوں ۔

سندھ کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔ جب تک پورا کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستانی عوام اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دریائے جہلم جو کشمیرسے نکلتا ہے تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس میں ہماری مائوں ، بہنوں نے اپنی عصمتیں بچانے کیلئے دریائوں میں چھلانگ لگا کر اپنا خون شامل کیا ہوا ہے ۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ احمد حسین شاہ نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں۔

قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔یہ پیغام کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ایک ملت قائم کرنے کا ہے ۔ خیبر پختونخواہ کے عوام نے جہا د کشمیر میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے اور سرینگر تک پہنچ گئے تھے ۔ ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے بھائی ابھی بھی آزادی کا سانس نہیں لے سکے ۔ ان کی اس جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ معاون خصوصی وزیر اعظم آزادکشمیر ضیاء سردار نے کہاکہ ہم پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں کہ انہوںنے کشمیریوں کی ہر مرحلے پر اخلاقی،سیاسی اور سفارتی مدد کی ہے ۔

پاکستانی قوم نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا۔ ہمیں پاکستان سے کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ۔ تقریب سے پی ٹی آئی ایبٹ آباد کے مرکزی رہنماء علی اصغر خان، سابق مشیر حکومت راجہ مبشر اعجاز ، جماعت اسلامی ک رہنماء، میجر لطیف خلیق، مسلم کانفرنسی رہنماء میجر ریٹائرڈ سردار نصر اللہ خان،حریت رہنماء اشتیاق حمید ، حریت رہنماء مشتاق الاسلام ، ایڈمنسٹریٹر باغ ملک آفتاب اعوان ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ سعید انقلابی ، محمد جاوید عباسی ودیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا نظریاتی ، مذہبی اور جغرافیائی تعلق ہے ۔ پاکستانی عوام نے کشمیر یوںکیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔ مقررین نے کہاکہ ہم خون کے آخری قطرے تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ پانچ اگست کے بعد کشمیریوں کی یہ قربانیوں کاسلسلہ ایک نئے موڑ داخل ہو چکا ہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی اسی لاکھ آبادی کو بھارتی افواج نے جیل میں محصور کر رکھا ہے اور بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ مقررین نے کہاکہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے اور تنظیمیں کشمیریوں ان کا جائزہ حق دلوانے کیلئے کردار ادا کرے ۔

ہالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں