حکومت پنجاب تعلیمی اداروں میں موسیقی ناچ گانے کے مقابلے کروانے سے باز رہے،جے یوپی نورانی

بچوں کو ناچ گانے کے بجائے انہیں ہنر سکھایا جائے تاکہ اپنا بہتر مستقبل بناکر ایک کار آمد شہری بن سکیں،محمدعارف قائم خانی

اتوار 28 اپریل 2024 22:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) جمعیت علما پاکستان (نورانی)کے مرکزی رہنما محمد عارف قائم خانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں میں موسیقی ناچ گانے کے مقابلے کروانے سے باز رہے، یہ ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے اسے اسلامی جمہوریہ پاکستان ہی رہنے دے، پنجاب حکومت اپنا شیڈول واپس لے۔محمد عارف قائم خانی نے ایک بیان میں کہا کہ طلبہ و طالبات کو اچھی تعلیم و تربیت کے بجائے ناچ گانے موسیقی گائیگی کی جانب راغب کرنا یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان و آئین پاکستان سے انحراف و غیر شرعی اقدام ہے ، جمعیت علما پاکستان نورانی اس اقدام کی مذمت کرتی ہے اور تمام مذہبی جماعتوں کی اے پی سی بلائی جائے گی تاکہ اس نئے فتنے کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئے روز ایک نیا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے ،ملک میں بے روزگاری و مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے کاروبار ختم ہوتا جا رہا ہے ملک میں خوشحالی کے نام پر بدحالی و بے حیائی کو فروغ دیا جارہاہے جس کی جمعیت علمائے پاکستان نورانی اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور پنجاب حکومت سے نوٹیفیکشن واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے اور یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں بچوں کو ناچ گانے کے بجائے انہیں ہنر سکھایا جائے تاکہ اپنا بہتر مستقبل بناکر ایک کار آمد شہری بن سکیں ،یونیورسٹی میں طالب علموں کو سالانہ 20ہزار سے 2لاکھ تک وظیفہ مقرر کیا جائے اور انہیں انعامات بھی دیئے جائیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں