کورونا سے کراچی میں بھارت جیسی حالت ہوئی تو ذمہ دار عمران خان ہونگے، بلاول بھٹو

اسلام آباد میں سیلاب سے اتنا بڑا نقصان ہوا لیکن کوئی حکومتی وزیر عوام کے پاس نہیں پہنچا، عمران خان نے عوام کو لاوارث چھوڑدیا،وفاق کورونا کے خلاف نہ خود کچھ کرتا ہے اور نہ ہمیں کرنے دیتا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 31 جولائی 2021 19:32

کورونا سے کراچی میں بھارت جیسی حالت ہوئی تو ذمہ دار عمران خان ہونگے، بلاول بھٹو
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 31جولائی2021) اگر کراچی میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ سے بھارت جیسی حالت ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے، بلاول بھٹو نے سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ سے بھارت جیسی حالت ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے، وفاق کورونا کے خلاف نہ خود کچھ کرتا ہے اور نہ ہمیں کرنے دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ سے بھارت جیسی حالت ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے، وفاقی حکومت سندھ کےعوام کا خیال رکھنے کی بجائے ہماری بےعزتی کروارہی ہے، سندھ میں اگر کورونا پھیلا تو اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، وفاقی حکومت نہ تو کورونا پر خود کچھ کرتی ہے اور نہ ہی ہمیں کوئی کام کرنے دیتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات جیسی دھاندلی کبھی نہیں ہوئی، آزاد کشمیر الیکشن میں پیسہ چلایا گیا، تاریخی دھاندلی کے باوجود 11 سیٹیں حکومت کے منہ سے چھینیں، عمران خان عام آدمی کے لیے تکلیف دہ پالیسیاں بناتے ہیں، عام آدمی تبدیلی کا اصل چہرہ پہچان چکا ہے، ملک میں تاریخی غربت اور بے روزگاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سیلاب سے اتنا بڑا نقصان ہوا لیکن کوئی حکومتی وزیر عوام کے پاس نہیں پہنچا، عمران خان نے عوام کو لاوارث چھوڑدیا۔

انہوں نے کہا کہ صاف و شفاف الیکشن نہ کرانا حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے، ناجائز طریقے سے کرسی پر بیٹھنے والا عمران خان اب بچگانہ حرکتیں بند کرے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق طالبان عہدے دار کو کشمیر کا حکم ران بنایا جارہا ہے، آزاد کشمیر کا وزیر فائرنگ کرتا رہا، پیسے بانٹتا رہا لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹس نہیں لیا، ہم ہرکٹھ پتلی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، مل کر کام کریں تو پنجاب میں بزدار اور وفاق سےعمران کو بھگا سکتے ہیں، جمہوری نظام میں رہتے ہوئے اس حکومت سے نجات لےسکتےہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں