ملکی معاشی پالیسیوں کی سمت درست نہ ہونے سے فیصلے اب آئی ایم ایف کرتا ہے ،سردار تنویر الیاس خان

ملک میں مہنگائی ،بیروگاری اپنی حدوں کو چھو رہی ہے، قومی تقاضا ہے تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات پربیٹھیں اور فیصلہ کریں ملک کو کیسے مشکلات سے نکال کر آگے لے جایا جاسکے،کراچی چیمبر سے خطاب

جمعرات 23 فروری 2023 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2023ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیوں کی سمت درست نہ ہونے کی وجہ سے اب آئی ایم ایف فیصلہ کرتا ہے کہ پاکستان میں کھانے پینے سمیت بجلی، گیس اور فیول وغیرہ کی قیمتیں کیا ہوں گی اور حکومت پاکستان کو اس پر قوانین تبدیل اور اسمبلی سے نیا بجٹ منظور کرانا پڑا ہے،ملک میں مہنگائی اور بیروگاری اپنی حدوں کو چھو رہی ہے، قومی تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات پربیٹھیں اور فیصلہ کریں کہ ملک کو کیسے مشکلات سے نکال کر آگے لے جایا جاسکے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانیت اور پاکستان کیلئے ہم تمام سیاسی قیادت کے درمیان ثالثی کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انڈسٹریز سمیت ہر سیکٹر میں ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے جس وجہ سے ملک کی ترقی کیا پہیہ رک چک چکا ہے، ملک پاکستان کو دیگر کئی ممالک کی طرح ڈالر کی غلامی سے نجات دلا کر اپنی کرنسی کو جاندار بنانا ہو گا، کاروباری سرگرمیوں کو فعال کرنے اور معیشت کو درست سمت دینے کیلئے کراچی سمیت دیگر چند بڑے شہروں کی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے معاونت اور رہنمائی لی جانی چاہیے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کیساتھ ملکر آزادکشمیر میں سیاحت، انڈسٹریز، آئی ٹی، پن بجلی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ طور پر کام کریں گے اور سرمایہ کاروں کو تیکسز اور بجلی میں رعایت دیں گے۔ کراچی چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹریز کے ممبران کو بنک آف آزادجموں کشمیر، میڈیکل کالجز، ٹیکنیکل بورڈز میں ایکس آفیشو ممبر بنائیں گے تاکہ یہ لوگ اپنے تجربے کی روشنی میں رہنمائی کر سکیں۔

کراچی چیمبر میں سندھ بھر کے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے کشمیر ڈیسک قائم کیا جارہا ہے، سابق وزیر سلیم بٹ اور سینئر رہنما سردار مقصود زمان حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری کے اماور کیلئے فوکس پرسن کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان جیسے ہی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پہنچے تو صدر کراچی چیمبر محمد طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد، سابق صدر محمد ادریس سمیت دیگر ممبران نے والہانہ استقبال کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر کو کاروباری سرگرمیوں، چیمبر کے کام کے طریقہ کار سمیت تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ و ان لینڈ ریوینیو آزاد حکومت عبدالماجد خان، وزیر منصوبہ بندی چودری رشید، وزیر سیاحت فہیم اختر ربانی و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سول حکومتیں عوام اور کاروباری کمیونٹی کیلئے بہتر کام کریں تو مسائل حل ہوتے اور ملک ترقی کرتا ہے۔

مسلح افواج نے جانی قربانیاں دے کر کراچی کا امن بحال کیا تھا، یہ فورسز ملک کی سیکیورٹی اور سلامتی کی ضامن ہیں، پاکستان میں دشمن قوتیں افواج کے خلاف پروپیگنڈہ کرتی ہیں، ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت، انڈسٹری اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، ہم نئی انڈسٹری کیلئے تین سال تک ٹیکس کی مکمل چھوٹ دے رہے ہیں۔

آزادحکومت کم از کم دو دہائیوں تک نئی انڈسٹری لگانے والوں کو مرحلہ وائز ٹیکس چھوٹ دیتی رہے گی۔ بجلی کی ضروریات پیدا کرنے کیلئے ہم آزادکشمیر میں پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ کی بجائے اپنے انڈسٹریل یونٹس کو دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔ آزادکشمیر میں دو فائیو سٹار ہوٹلز سمیت دو سو کے قریب سرکاری گیسٹ ہاوسز اور لاجز موجود ہیں جو سرمایہ کاروں اور سیاحت کیلئے آنے والوں کو فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

کراچی کے سرمایہ کار آزادکشمیر میں آئی ٹی سیکٹر کی طرف بھی آئیں ہم آئی ٹی پارک بھی قائم کرنے جارہے ہیں تاکہ جدید دنیا کے تقاضوں کے ساتھ آگے بڑھا جا سکے اور لوگوں کو روزگار بھی میسر آئے، ہم سیاحت اور پن بجلی کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر خزانہ و ان لینڈ ریوینیو عبدالماجد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے جماع پلان ترتیب دیا جارہا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم آزادکشمیر جو دو روزہ کانفرنس کرانے جارہے ہیں اس میں بھی ماہرین سے تجاویز لیں گے، دیگر شہروں کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے بھی رہنمائی لیتے ہوئے پلان مکمل کرتے ہوئے قانون سازی کی طرف لیجائیں گے تاکہ سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ دیا جا سکے۔

ماجد خان نے کہا کہ بنک آف آزادجموں کشمیر بھی اب ھکومت کی سنجیدہ کاوشوں سے سٹیٹ بینک کے ساتھ ریگولائز ہونے ے مراحل میں داخل ہوچکا ہے،اس بینک کو ریگولائز کرانے سے تمام سرمایہ کاروں کا حوصلہ مزید بلند اور اعتماد بڑھے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں