عوام کا اعتماد اٹھ چکا، عمران خان کو اب حساب دینا ہوگا، بلاول بھٹو

عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، اختلافات کے باوجود عمران خان کو نکالنے کیلئے پوری اپوزیشن متفق ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 فروری 2022 17:44

عوام کا اعتماد اٹھ چکا، عمران خان کو اب حساب دینا ہوگا، بلاول بھٹو
کوٹ ادو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 فروری 2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اختلافات کے باوجود عمران خان کو نکالنے کیلئے پوری اپوزیشن متفق ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، عمران خان کو اب حساب دینا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کوٹ ادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی سے نکل کر سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے، پورے پنجاب سے ہوتے ہوئے ہمارا مارچ اسلام آباد پہنچے گا، ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد ہے عوام کے پاس جانا ہے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے ہر طبقہ کو قتل کیا جارہا ہے، اس ملک کے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، اس حکومت کی نالائقی کو عوام کے سامنے بےنقاب کریں گے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تمام مسائل کا حل عمران خان کا جانا ہے، عمران خان سے اب عوامی حساب لیا جائے گا، پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، عوام کا اس حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے، پیپلزپارٹی  نے ہی پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی، اختلافات اپنی جگہ اس بات پر ہم سب متفق ہیں کہ عمران خان کو تو اب جانا ہے، پی ڈی ایم کی بنیاد رکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ یہی تھا خان صاحب کو ہر صورت ہٹانا ہے، ظالم حکمرانوں کیخلاف اعلان جنگ یہ ہی وقت کا مطالبہ ہے، میں امید کرتا ہوں اپوزیشن ایک پوائنٹ پر آئے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ وسیب کی خدمت کی ہے، کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ہمیشہ حل کیے ہیں، ہم نے ہمیشہ صوبہ بنانے کی تجویز بھی دی عملی قدم بھی اٹھائے، ہمیں اس ملک کو اگر آگے لے کر جانا ہے تو عمران خان کو نکالنا ہوگا۔

کوٹ ادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں