پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

18 تا21 اپریل پنجاب بھر میں تیز بارشیں ہونے کے امکانات، محکمہ موسمیات نے بھی آج سے 22 اپریل تک ملک بھرمیں بارشوں کی پیش گوئی کردی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 13:33

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا،18 تا21 اپریل پنجاب بھر میں تیز بارشیں ہونے کے امکانات ہیںجبکہ طوفانی بارشوں، آسمانی بجلی کی گرج چمک اور تیز ہواوٴں کی پیشگوئی بھی کر دی گئی ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔

انہوں نے کہا کہ واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتِ حال پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے بائیس اپریل تک ملک بھرمیں بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے، این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ کراچی میں سترہ اپریل کی رات اور 18 اپریل کو گرچ چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بھی شدیدبارش کاامکان ظاہر کیا جارہا ہے، شہر قائد کراچی میں سترہ اپریل کی رات اور 18 اپریل کو گرچ چمک کے ساتھ درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔آج رات سے پاکستان کے مغربی علاقوں میں اثراندازہوگا، جس کے باعث بلوچستان اورخیبر پختونخوا ایک بار پھرطوفانی بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق نیا سلسلہ سترہ اپریل کوبلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پھیل جائے گا اور اٹھارہ اپریل کو مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں پہنچ جائیں گی۔

پہاڑی علاقوں میں برفباری، لینڈسلائیڈنگ اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اور دریائے کابل، سوات اور پنجکوڑہ میں سیلاب کا امکان ہے۔سیلابی صورتحال کے باعث نوشہرہ، چارسدہ، پبی، شبقدار، جمرود اور پشاور کے علاقے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں