الیکشن 2024 کا بڑا اپ سیٹ، جہانگیر ترین دونوں نشستیں ہار گئے

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ کو لودھراں میں صدیق خان بلوچ اور ملتان میں عامر ڈوگر کے ہاتھوں بدترین شکست

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 فروری 2024 09:34

الیکشن 2024 کا بڑا اپ سیٹ، جہانگیر ترین دونوں نشستیں ہار گئے
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 فروری 2024ء) الیکشن 2024 کا بڑا اپ سیٹ، جہانگیر ترین دونوں نشستیں ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین کو غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں لودھراں میں صدیق خان بلوچ اور ملتان میں عامر ڈوگر کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ این اے 149 ملتان میں تحریک انصاف کے عامر ڈوگر 143 ہزار ووٹ حاصل کر کے جیت گئے جبکہ جہانگیر ترین 50 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔

جبکہ این اے 155 لودھراں میں جہانگیر ترین 47 ہزار ووٹ حاصل کر سکے، ان کے مدمقابل ن لیگ کے صدیق خان بلوچ 83 ہزار ووٹ حاصل کر کے فتحیاب رہے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے الیکشن ڈیش بورڈ کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کی 265 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو 156 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو غیر سرکاری غیر حتمی نامکمل نتائج کے مطابق 32 اور پاکستان پیپلز پارٹی کو 18 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ ختم ہونے کے 16 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اب تک مکمل سرکاری نتائج جاری نہ کر سکا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک صرف 10 قومی اسمبلی کی نشستوں کو سرکاری نتیجہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق آزاد امیدواروں اور ن لیگ کو 4،4 نشستوں اور پیپلز پارٹی کو 2 نشستوں پر فتح حاصل ہوئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ ان کی پارٹی قومی اسمبلی کی 150 نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ یوں تحریک انصاف وفاق اور 2 صوبوں میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سے تحریک انصاف کے دفاع میں پیش پیش رہنے والے پارٹی کے ترجمان روف حسن نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔

روف حسن کے مطابق جتنے بھی آزاد امیدوار جیت رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہیں، عوام بولے ہیں اور بتا دیا کہ ان کا اعتماد عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، الیکشن کمیشن کو خبردار کرتے ہیں نتائج میں کوئی گڑبڑ ہوئی تو ہم اور عوام اسے برداشت نہیں کریں گے۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں