نواز شریف کے این اے 15 سے کاغذات منظوری کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی نے سابق وزیراعظم کے کاغذات منظوری کو چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کی تھی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 جنوری 2024 13:54

مانسہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جنوری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے کاغذات نامزذگی کی منظوری کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعظم سواتی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 پر کاغذات نامزذگی کی منظوری کو چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کی تھی جسے الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس کامران حیات نے منظور کرتے ہوئے اپیل کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا، عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی چیلنج کیے تھے، این اے 15 سے نواز شریف کے کاغذات پر اعتراضات پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء شاہد رفیق نے ریٹرننگ افسر کے پاس داخل کرائے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے تاحیات نااہل قرار دیا تھا اور متعلقہ ریٹرننگ آفیسر مجاز نہیں کہ وہ نواز شریف کو الیکشن کیلئے اہل قرار دیں، ریٹرننگ افسر حاجرہ سمیع نے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات پر سماعت کی جس میں دونوں جانب سے وکلا کے دلائل مکمل کرنے کے بعدنواز شریف کے کاغذات کو منظور کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 130 سے کاغذات کی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا اور ریٹرننگ افسر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس رسال حسن سید نے اعتراضی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے سماعت کی، رجسٹرار آفس کی جانب سے مصدقہ دستاویزات نہ لگانے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا جب کہ نوازشریف کےکاغذاتِ نامزدگی منظوری کے خلاف اپیل پاکستان عوامی محاذ کے سربراہ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قراردیا، نوازشریف الیکشن لڑنے کے اہل نہیں، ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس نوازشریف کے کاغذات منظور کیے، نوازشریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے نااہل قرار دیا جائے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں