مستقبل میں 2 ڈیمز لازمی بننے چاہئے

اگر ڈیم بنے ہوتے توسیلاب آنے پر بھی دو تین سال تک لوگوں کو نقصان نہیں ہوتا،سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے ،ملکر مشکل سے نمٹیں گے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانیاں فراہم کی جائیں۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران کی روجھان آمد پر گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 3 ستمبر 2022 16:01

مستقبل میں 2 ڈیمز لازمی بننے چاہئے
روجھان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ملتان انٹر نیشنل ایئر پورٹ آمد ہوئی۔ عمران خان نے روجھان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر روجھان سے بہاولپور بھی جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی روجھان آمد ہوئی جہاں پر کمشنر ڈیرہ غازی نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔

عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے۔سیلاب سے ہونے والے نقصان کا ڈیٹا اکٹھا کرنا ہو گا۔پی ڈی ایم اے کو نقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کرناچاہیے۔ہزاروں ایکڑ زمین اس وقت پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔سیلاب متاثرین کو مزید امداد کے معاملے پر بات کروں گا۔سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے ،ملکر مشکل سے نمٹیں گے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانیاں فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

اپنے نمائندوں سے کہتا ہوں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جائیں۔اس وقت سیلاب متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا کہ مستقبل میں 2 ڈیمز لازمی بننے چاہئے، اگر ڈیم بنے ہوتے تو سیلاب آنے پر بھی دو تین سال تک لوگوں کو نقصان نہیں ہوتا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، وفاقی حکومت ہر طرح سے مدد کےلئے حاضر ہے۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر طرح سے آپ کی مدد کے لئے حاضر ہے، تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے سندھ حکومت اور وزیر اعلی کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا ہے۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے بھرپور تعاون پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے آپ کی فکرمندی قابل تعریف اور قابل تحسین ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں