پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز

بدھ 17 اپریل 2024 21:25

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی اپنی تیاریوں کا آغاز (کل)جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرے گی ،قومی کرکٹ ٹیم پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کے مقابل ہوگی،سیریز کے اگلے دو میچز بھی ہفتہ اور اتوار کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد قذافی اسٹیڈیم، لاہور آخری دو میچوں کی میزبانی کرے گاجبکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کاکول میں ہمارا فٹنس کیمپ بہت اچھا رہا اور ہم خود کو یونٹ کے طور پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بارہ ماہ کے عرصے میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل یہ تیسری سیریز ہوگی۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال پاکستان اور نیوزی لینڈ نے پاکستان میں سیریز دو دو سے برابر کھیلی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے اس سال کے اوائل میں سیریز چار ایک سے اپنے نام کی تھی۔پاکستان نے 17 رکنی اسکواڈ میں ابرار احمد، محمد عرفان خان اور عثمان خان کو شامل کیا ہے، عرفان اور عثمان کا یہ پاکستان کے لیے پہلا سلیکشن ہے جبکہ ابرار احمد اس سے قبل صرف ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جبکہ بابر اعظم کی وائٹ بال کے کپتان کے طور پر واپسی ہوئی ہے۔

نسیم شاہ محمد عامر اور عماد وسیم بھی قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ نسیم شاہ نے آخری بار اے سی سی ایشیا کپ 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس میں وہ کولمبو میں انڈیا کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے سے باہر ہوگئے تھے۔اظہر محمود اپنے کریئر میں پہلی بار پاکستان مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے، سابق آل راؤنڈر اس سے قبل 2016سے 2019 تک کے دوران قومی ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

کپتان بابر اعظم نے کہاکہ پانچ میچوں کی یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ہم سب سے اہم میگا ایونٹ کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاکول میں ہمارا فٹنس کیمپ بہت اچھا رہا اور ہم خود کو یونٹ کے طور پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے منتظر ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں سیریز میں مختلف پوائنٹس پر چیلنج کریگی جو پاکستان ٹیم کے لیے اچھا ہوگا، میں ٹیم میں یوتھ اور تجربے کے امتزاج کو دیکھتے ہوئے کپتان کی حیثیت سے بہت ٴْپرجوش ہوں۔

بابر اعظم نے کہاکہ ورلڈ کپ سے پہلے بارہ میچ ہیں،ہماری کوشش ہو گی کہ تمام کھلاڑیوں کو استعمال کریں۔نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے اس دورے پر ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی کافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ اس فارمیٹ کے علم سے بہت اچھی طرح لیس ہیں، پاکستان ہوم گراؤنڈ میں مضبوط ٹیم ہے اور ہم انہیں اسی کے میدان میں چیلنج دینا چاہیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے ہوگا اور پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ہوگی۔اسکواڈز میں بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان جبکہ نیوزی لینڈ سکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول مک کونکی، جمی نیشم، ول او روک، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ، ِاش سوڈھی اور زیک فاکس شامل ہیں ۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب، سندھ، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور بلوچستان کے بیشتر مقامات پر آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ، ژالہ باری کا بھی امکان ہے جس کے باعث راولپنڈی میں ہونے والا پاک نیوزی لینڈ سیریز کا (آج) جمعرات کو ہونے والا پہلا میچ بھی متاثر ہونے کاخدشہ ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں