ایلکس ہیلز نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز میں شرکت کی تصدیق کردی

پاکستان جانے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتا، جلد آپ لوگوں سے ملاقات ہوگی: برطانوی بلے بازکاٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 ستمبر 2020 16:52

ایلکس ہیلز نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز میں شرکت کی تصدیق کردی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 ستمبر 2020ء ) برطانوی بلے باز ایلکس ہیلز نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے پاکستان آنیکا اعلان کردیا۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایلکس ہیلز نے لکھا کہ ’’پاکستان جانے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتا، جلد آپ لوگوں سے ملاقات ہوگی‘‘۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس وبا کی روک تھام کے پیش نظر ایونٹ کے بقیہ میچز 17 مارچ کو ملتوی کردئیے گئے تھے۔

جن کے دوبارہ انعقاد کا شیڈیول جاری کردیا گیا ہے۔ ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمنٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کیلئے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔

فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 2020ء کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 کی وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020ء کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے مقابلوں سمیت زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔

ڈومیسٹک سیزن 21-2020ء کے میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری، مارچ میں پی ایس ایل 2021ء کے لیے معاون ثابت ہوگا، ہم عوام کے چہروں پر خوشیاں بانٹنے کے منتظر ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں شامل چار ٹیموں میں سے صرف پشاور زلمی ہی اس سے قبل ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔ پی ایس ایل 2020ء ، ایشیاء کپ 2008ء کے بعد پاکستان میں منعقدہ دوسرا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ایونٹ کی کُل انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر مقرر ہے ۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ رنرزاپ کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم مقرر ہے۔
وقت اشاعت : 03/09/2020 - 16:52:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :