قومی ٹی ٹونٹی کپ،نوجوان کرکٹرز پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے کے پرامید

عاکف جاوید،اعظم خان،قاسم اکرم،ذیشان اشرف،محمد محسن اورذیشان ملک قومی میں جگہ بنانے کیلئے پرعزم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 ستمبر 2020 17:43

قومی ٹی ٹونٹی کپ،نوجوان کرکٹرز پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے کے پرامید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 ستمبر 2020ء ) قومی ٹی ٹونٹی کپ ڈبل لیگ کی بنیاد پرہورہا ہے ۔ٹورنامنٹ میں شریک کئی نوجوان کرکٹرزاپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منواکر پاکستانی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بائولرعاکف جاوید اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث ایونٹ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ عاکف جاوید ایک بہترین فاسٹ بولرہیں۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنیوالے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

اب تک 10 ٹی ٹونٹی میچوں میں 124.61 کے سٹرائیک ریٹ سے 162 رنزبنانے والے جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کے ٹی ٹونٹی کیریئر میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔ 22 سالہ اعظم خان کی صلاحیتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 17 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ 2020ء میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی۔

انہوں نے ایونٹ کے 5 میچوں میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق قاسم اکرم ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ 2020ء میں متاثر کن کارکردگی کی بنیاد پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سوات سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل راؤنڈر محمد محسن اب تک 15 میچوں میں 115.38 کے سٹرائیک ریٹ سے 120 رنز بناچکے ہیں۔

اس دوران وہ 14مرتبہ حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں۔ پی ایس ایل کا حصہ بننے والے محمد محسن نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہےکہ محمد محسن ایک ٹیلنٹڈ کرکٹر ہیں جو قدرتی طور پر ایک آل راؤنڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمد محسن کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی محنت کررہے ہیں ۔

28 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 30 ستمبر سے شروع ہونیوالے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں حریف ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے ذیشان اشرف اب تک 32 ٹی ٹونٹی میچوں میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 538 رنز بناچکے ہیں۔ 120.62 کے سٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اب تک اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 57 چوکے اور 15چھکے جڑ چکےہیں۔

ناردرن ہیڈ کوچ محمد وسیم ٹاپ آرڈر بیٹسمین ذیشان ملک کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا سکیں ۔ 23 سالہ ذیشان نادرن سیکنڈ الیون سے ترقی پاکر فرسٹ الیون کی ٹیم میں آئے ہیں اور ان کے پاس تمام مہارت اور شاٹس موجود ہیں۔ گذشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ایونٹ میں ذیشان نے نادرن کے لئے 216 رنز بنائے تھے اور وسیم کا خیال ہے کہ وہ اپنے سٹروکس مزید بہتر بنا کر اچھے ٹی ٹونٹی کھلاڑی بھی بن سکتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 24/09/2020 - 17:43:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :