دورہ آئی لینڈ:فتح کا عزم لیے قومی ٹیم سری لنکا پہنچ گئی

Qoumi Team Srilanka Pohanch Gaye

محمد حفیظ ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کیلئے پرعزم‘ واٹمور بھی پرامید پاکستان سپنرز بھی لنکا ڈھانے کیلئے پرجوش‘ سخت گرمی میں سخت مقابلہ متوقع

جمعرات 31 مئی 2012

Qoumi Team Srilanka Pohanch Gaye
سجاد حسین: ایشین چیمپئن پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی توقع لیے بحر ہند کے جزیرے آئی لینڈ سری لنکا پہنچ گئی ہے۔سخت گرمی میں جہاں قومی ٹیم کو آئندہ تقریباً دو ماہ تک موسم سے جنگ لڑنا ہوگی وہیں میزبان ٹیم کیخلاف بھی مصباح الیون کو کڑی آزمائشوں سے گزرنا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں شاندار کارکردگی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوانے والے سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر ہرانا بہت مشکل ہدف رہا ہے۔

گو کہ حالیہ ہوم سیریز میں سری لنکا کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی اور وہ سر توڑ کوشش کے باوجود آسٹریلیا اور انگلستان کے خلاف کامیابی حاصل کرسکے لیکن ان دونوں عالمی معیار کی ٹیموں کے مقابلے میں تعمیر نو کے مراحل سے گزرنے والی پاکستان ٹیم سری لنکا کیلئے قدرے آسان حریف ہے کیونکہ ہوم گراؤنڈز پر آئی لینڈرز ہمیشہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں لیکن پاکستانی ٹی ٹونٹی محمد حفیظ دورے کی ابتداء ہی میں سری لنکا کو کاری ضرب لگانے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

حفیظ کہتے ہیں کہ ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر میزبان ٹیم کیخلاف جو اعتماد ملے وہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں ایک ایڈواٹیج کی صورت میں مدد دیگا۔ سیریز کے لیے تیاری کے حوالے سے پاکستان کے کوچ ڈیو واٹمور بہت خوش نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ گو کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پاکستان اپنے میدانوں پر کرکٹ سے محروم ہے لیکن سری لنکا آمد سے قبل کھلاڑیوں نے کافی مشق کی ہے۔

کیمپ میں دو ہفتے بھرپور انداز سے گزارے گئے جس کا اختتام ایسے پریکٹس میچز کے ساتھ ہوا جن میں 15 ہزار تماشائیوں نے شرکت کی، جس سے ملک میں کرکٹ کی محبت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ دو مواقع پر سری لنکا کی کوچنگ کرنے والے واٹمور ٹیم کو 1996ء کا عالمی کپ جتوانے کے لیے مشہور ہیں۔ اس حوالے سے اْن کا کہنا تھا کہ ”اس بات کو بہت عرصہ بیت چکا اور اس دوران پلوں کے نیچے سے کافی پانی بہہ چکا ہے اور اب میرا واحد ہدف اس سرزمین پر فتح حاصل کرنا ہے، جس کے لیے ہمیں 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔

جبکہ میرا طویل المیعاد ہدف پاکستان کو تینوں طرز کی کرکٹ میں درجہ بندی میں اوپر لانا ہے۔ کہنے اور سننے میں تو یہ سادہ سی بات لگتی ہے لیکن عملی طور پر یہ نتیجہ حاصل کرنے کے لیے جان توڑ محنت کرنا ہوگی۔“پاک سری لنکا سیریز کا باضابطہ آغاز یکم جون کو ہمبنٹوٹا میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا، جبکہ اسی میدان پر دوسرا و آخری ٹی ٹوئنٹی 3 جون کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ مقابلے کھیلیں گی۔

دنیائے کرکٹ میں بڑے بڑے برجوں کو گرانے والے پاکستانی سپنرز سے اب سب ٹیمیں خبردار نظر آ تی ہیں ۔دورہ سری لنکا میں میزبان ٹیم پاکستان کے گیند بازوں خصوصاً سپنرز سے نمٹنے کی حکمت عملیاں ترتیب دیتی نظر آ رہی ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیئرمین سلیکٹرز اشانتھا ڈی میل نے اپنے بلے بازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستانی اسپنرز کے حوالے سے چوکنے رہیں کیونکہ وہ ہمارے اسپنرز سے کہیں زیادہ اعلیٰ درجے کے باوٴلر ہیں۔

سعید اجمل اور عبد الرحمن نے پاکستان کی حالیہ فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں نے عالمی نمبر ایک انگلستان کے خلاف پاکستان کی 3-0 کی یادگار فتح میں 43 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس وقت گیند بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 10 میں شامل دونوں گیند باز دنیا کے بہترین سپنرز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ سعید اجمل کو اس وقت بھی عالمی نمبر دو ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف عرب امارات ہی میں کھیلی گئی سیریز میں سب سے زیادہ یعنی 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس دورے میں بھی دونوں کھلاڑیوں سے عمدہ کارکردگی توقع ہے ۔

مزید مضامین :