سر اینڈی مرے | برطانیہ کے نامور ٹینس کھلاڑی

Andy Murry

اُن کے شاندار کیریئر میں 655 مقابلوں میں جیت ہے اور 184 میں ہار، مجموعی طور پر 45 ٹائٹل جیتے ہیں

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 24 اگست 2023

Andy Murry
سر اینڈریو بیرن مرے سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے برطانوی پیشہ ور ٹینس کھلاڑی ہیں۔ آرڈر آف دِی برٹش ایمپائر (او بی ای) کا اعزاز 2013ء میں ملا۔ وہ تین گرینڈ سلام ٹائٹلز، دو مینز سنگلز اولمپک گولڈ میڈلز اور اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز جیتنے والے ٹینس کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ اُنھیں" اینڈی مرے" کے نام سے پُکارا اور لکھا جاتا ہے اور وہ ایک ایسے باصلاحیت کھلاڑی ہیں جن میں رفتار، طاقت کے ساتھ دفاعی انداز میں کھیلنے کا امتزاج نظر آتا ہے۔

اینڈی مرے کی پیدایش 15ِ مئی 1987 کوئین مدرز ہسپتال، گلاسگو ،سکاٹ لینڈ میں ہوئی۔ اُنکے والدین ولیم مرے اور جوڈتھ ایرسکائن مرے اپنے بڑے بیٹے جیمی مرے کے ساتھ اُس وقت ٹاؤن ڈن بلین سکاٹ لینڈ میں مقیم تھے۔ افسوس کی بات یہ رہی کہ اینڈی کے بچپن میں ہی والدین کے درمیان طلاق ہو گئی۔

(جاری ہے)

اینڈی کے والدین کا تعلق ایک اچھے خاندان سے تھا ۔والد اخبار فروشی کے کاروبار سے وابستہ تھے اور نانا رائے ایرسکائن 50 ء کی دہائی میں پیشہ ور فُٹ بالر رہ چکے تھے ۔

جنکی وجہ سے جوانی میں اینڈی کو بھی فُٹ بال ٹیم میں شامل ہو نے کا موقع ملا لیکن اینڈی نے ٹینس کھیلنے کو ہی ترجیح دی۔اصل میں اینڈی کی والدہ جوڈی سکاٹش ٹینس کھلاڑی اور کوچ تھیں ساتھ میں بیڈ منٹن بھی کھیلتی تھیں۔اُنھوں نے مقامی سطح پر کھیلتے ہو ئے ٹائٹلز بھی جیتے تھے۔ لہذاوالدہ کا ہی اثر تھا جو اینڈی اور اُنکے بڑے بھائی جیمی کو ٹینس کھیلنے کا شوق ہوا اور اسکے لیئے والد ولیم مرے نے بیوی سے علحیدگی کے باوجود اپنے دونوں بیٹوں کے عملی کیر ئیر او ر ٹینس کا نامور کھلاڑی بننے کیلئے بھرپور ساتھ دیا۔

اینڈی مرے اور اُنکے بڑے بھائی جیمی نے جلد ہی بچوں کے ٹینس مقابلوں میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا اور ساتھ ہی دونوں بھائیوں کی ابتدائی تعلیم کا آغاز بھی ڈن بلین پرائمری اسکول سے کر دیا گیا تھا ۔ وہاں سے اینڈی نے ہائی اسکول بھی مکمل کیا۔جب اینڈی 9سال کے تھے تو 13 ِمارچ1996ء کو 43سالہ تھامس ہیملٹن نامی ایک شخص جو گلاسکو کا پیدائشی تھا اور نوجوانوں کیلئے ورزش اور کھیلوں کا کلب چلاتا تھا نے اُنکے پرائمری اسکول میں داخل ہو کربندوق کی گولیوں برساتے ہوئے قتل ِعام شروع کر دیا جسکی وجہ سے 16 طالب ِعلم اورایک ٹیچر ہلاک اور15زخمی ہو گئے۔

پھر اُس قاتل نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔ اینڈی مرے نے ایک کلاس روم میں چُھپ کو جان بچائی اور بعدازاں جب پوچھا جاتا تو وہ اس واقعہ کو بیان کرتے ہوئے گھبرا جاتے۔تاہم اُنھوں نے اپنی خود نوشت سوانح عمری : " ہٹنگ بیک" میں ہیملٹن کے متعلق لکھا ہے کہ وہ خود بھی اُس سے کھیلوں کی تربیت لیتے تھے اور والدہ ہم بھائیوں کی وجہ اُنکو کار میں لفٹ بھی دیتی تھیں۔

بہرحال والدہ جوڈی نے 12 سال کی عمر تک اینڈی کو ٹینس کی تربیت دی اور پھر وہ کلے کورٹ پر تربیت کیلئے بارسلونا، اسپین روانہ ہو گئے۔ اُنھوں نے "شلر انٹرنیشنل اسکول" میں تعلیم حاصل کی اور "سانچیز-کیسل اکیڈمی"میں پہلے کوچ پیٹو الواریز سے کھیل میں مہارت حاصل کرنا شروع کی اور پھر ٹینس کے ڈبلز کے سابق نمبر 1 ایمیلیو سانچیز سے بھی تربیت لی۔

اینڈی مرے کی پہلی بڑی کامیابی 2004 ء میں "یو ایس اوپن جونیئر ٹائٹل" جیت کر "ورلڈ کا نمبر 1 جونیئر" کھلاڑی بننا تھا۔ جسکی وجہ سے اُنھیں "بی بی سی " کی نوجوان "اسپورٹس پرسنلٹی" سے بھی نوازا گیا۔ 17 سال کی عمر میں، وہ "ڈیوس کپ"میں برطانیہ کی نمائندگی کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بنے۔پھراینڈی نے اپنا پیشہ وارانہ ٹینس کیر ئیر کا آغاز اپریل 2005ء میں کیا اور سال کے آخر تک 64 ویں نمبر تک آگئے۔

2006 ء میں اُنھوں نے ٹاپ رینک سوئس ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر کو شکست دے کر "سنسناٹی ماسٹرز ٹورنامنٹ" جیتا۔ اُسی سال امریکن اینڈی روڈک کو شکست دے کر پہلا اے ٹی پی ٹائٹل بھی حاصل کر لیا۔ 6فُٹ 3انچ قد اور پتلے دُبلے جسم کے 20سالہ اینڈی مرے ٹینس کے مختلف اہم ٹورنامنٹس جیت کر ٹاپ10 تک تو پہنچ گئے لیکن گرینڈ سلام جیتنے کیلئے اُنکا مقابلہ اُن تین بڑے ٹینس کھلاڑیوں راجر فیڈرر،رافیل نڈال اور نووک جوکووچ سے تھا جو ٹینس کی دُنیا پر مکمل طور غلبہ حاصل کرنے کیلئے پہلے ہی ایک دوسر ے کے خلاف بر سر ِپیکار تھے اور" بِگ تھری" کہلا رہے تھے۔

جسکے نتیجہ میں اینڈی جب پہلی بار 2008 ء میں " یو ایس اوپن" کے سیمی فائنل میں پہنچے تو ہسپانوی چیمپئن رافیل نڈال کو تو شکست دے دی لیکن فائنل میں راجر فیڈرر سے ہار گئے۔ آسٹریلین اوپن2010ء اور ومبلڈن 2012ء کے فائنل میں بھی فیڈرر نے ہی شکست دی اور اس دوران آسٹریلین اوپن 2011ء میں سربین نووک جوکووچ سے بھی فائنل میں ہار چکے تھے۔4 گرینڈ سلام فائنلز میں پہنچ کر تمام میں شکست۔

اینڈی مرے نے اِن حالات میں 8 بار گرینڈ سلام' چیمپئن ایوان لینڈل کو اپنا کوچ مقرر کیا ۔ اُنکے ٹیم ورک کے کچھ مثبت نتائج ضرورسامنے آئے اور آخر کار اگست 2012 میں پہلے "لندن اولمپک گیمز"میں فیڈرر کو شکست دے کر مینز سنگلز گولڈ میڈل جیتاپھراُسی سال "یو ایس اوپن"میں سربیا کے کھلاڑی نوواک جوکووچ کو سخت مقابلے میں شکست دینے کے بعد پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل بھی جیت لیا۔

اسکے بعد اینڈی مزید 2مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹلز جیت پائے اور وہ بھی سب سے اہم " ومبلڈن"۔پہلے2013 ء میں نوواک جوکووچ اور پھر دوسرا 2016 ء میں کینیڈا کے میلوس راونک سے۔ اسی سال " ریو ڈی جنیرو اولمپک گیمز" سنگلز میں ایک مرتبہ اور گولڈ میڈل بھی جیت لیا۔ جسکے بعد وہ مرد و خواتین میں سنگلز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے 2بار اولمپک میں گولڈ میڈلز جیتے۔

دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اور دونوں ہاتھوں سے بیک ہینڈ شارٹس لگانے والے اینڈی نومبر 2016 ء میں ٹاپ رینکنگ میں نمبر1 پر بھی آگئے۔ اینڈی کُل 11مرتبہ گرینڈ سلامز کے فائنلز میں پہنچے جن میں سے صرف3 بار ٹائٹل جیت پائے اور اُنکے سب سے اہم حریف جوکووچ رہے ۔وہ 5دفعہ آسٹریلین اوپن اورایک بار فرنچ اوپن کے فائنل میں بھی پہنچے لیکن رَنر اَ پز رہے۔

رافیل نڈال کے ساتھ بھی اُنکے مختلف ٹورنامنٹس میں کُل 24 مقابلے ہو ئے جن میں سے نڈال 17 اور اینڈی نے7جیتے۔2016ء کے بعد وہ انجیریز کا شکار ہو نے کی وجہ سے کھیل سے دُور ہو تے چلے گئے۔لیکن ابھی تک ریٹائر نہیں ہوئے اور آسٹریلین اوپن23ء کے تیسرے راؤنڈ میں اُنھیں شکست کا سامنا کر نا پڑا۔ اینڈی مرے کی ملاقات ٹینس کھلاڑی اور کوچ نائجل سیر ز کی بیٹی کم سیرز سے 2005 ء کے یو ایس اوپن کے دوران ہوئی اور10 سال بعد 11 ِ اپریل 2015ء میں دونوں نے شادی کر لی ۔

اُنکے4 بچے ہیں۔اینڈی کے بھائی جیمی نے بھی ٹینس کے کھیل میں نام پیدا کیا اور 2016 ء میں آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن گرینڈ سلامزڈبلز کے ٹائٹلز جیتے ۔ مکسڈ ڈبلز میں وہ زیادہ کامیاب رہے ۔2بار ومبلڈن اور3 مرتبہ یو ایس اوپن مکسڈ کے چیمپئن رہے۔مرے برادرز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اُنھوں نے 2015 ء میں بحیثیت برطانیہ ٹینس ٹیم ڈیوس کپ بھی جیتا۔

اینڈی مرے کو 2017 ء کے نئے سال کے اعزاز کی فہرست میں "نائٹ بیچلر'"سے نوازا گیا۔ اُنکا ریکارڈ ہے کہ اُنھیں 3 بار بی بی سی " سپورٹس پرسنالٹی آف دی ایئر "ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اُنکے شاندار کیریئر کے ریکارڈ میں 655 مقابلوں میں جیت ہے اور 184 میں ہار ۔ مجموعی طور پر 45 ٹائٹل جیتے ہیں ۔ اینڈی مرے کی کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں ۔### "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "

مزید مضامین :