وینس ولیمز ۔۔امریکن ٹینس کھلاڑی

Venus Williams

وینس ولیمز نے اپنے ٹینس کیرئیر میں کُل44 ٹائٹلز حاصل کیے، 7 سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتے، بہن سرینا ولیمز کیساتھ گرینڈ سلامز میں 13 دفعہ ڈبلز کی چیمپئن بنیں اور 2 مکسڈ ڈبلز ٹائٹلز جیتے،اُنھوں 4 اولمپک گولڈ میڈل بھی جیتے :ایک سنگلز میں اور تین ڈبلز میں اپنی بہن سرینا ولیمز کیساتھ

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 3 اگست 2023

Venus Williams
افریقن/امریکن خاتون ٹینس کھلاڑی وینس ولیمز17ِجون1980ء کو لین ووڈ، کیلیفورنیا میں رچرڈ ولیمز اور اور ٹینس کی کھلاڑی اسین پرائس کے ہاں پیدا ہوئیں۔ والدہ کے پہلے خاوند میں سے اُنکی تین بڑی سوتیلی بہنیں ہیں جن میں سے ایک یوٹنڈے تار ا کو31 سال کی عمر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔سرینا ولیمز اُنکی سگی وچھوٹی بہن ہیں ۔ والدرچرڈ ولیمز نے بھی تین شادیاں کیں۔

پہلی بیوی سے تین بیٹے اوردو بیٹیاں ہیں۔پھر 2002ء میں وینس و سرینا ولیمز کی والدہ اورسین پرائس کو طلاق دینے کے بعد2010 ء میں تیسری شادی کی جسے بھی ایک بیٹا پیدا ہوا اور 2017 ء میں رچرڈ ولیمز نے اُسے بھی طلاق دے دی۔ رچرڈ ولیمز کی خواہش تھی کہ اُسکی بیٹیاں ٹینس کی کھلاڑی بنیں ۔جسکے لیئے اُنھوں نے اپنی بیوی کے ساتھ مِل کو اُنکے لیئے تربیت کا ایک پروگرام ترتیب دیا۔

(جاری ہے)

وینس ولیمز کی صلاحیتیں 7 سال کی عمر میں اُس وقت ظاہر ہوئیں جب ٹونی چیسٹا نامی ایک پیشہ ور مقامی ٹینس کھلاڑی نے ولیمز کو دیکھا اور اس کھیل میں اُسکی صلاحیت پہچان لیا۔تاہم جب اُنکا خاندان کیلیفورنیا سے فلوریڈا منتقل ہوا تو والدین نے فوراً دونوں بہنوں کو "ریک میکی" کی ٹینس اکیڈمی میں بھیج دیا ۔جہاں سے ورزش و ٹینس کھیلنے کی اُس تربیت کا آغاز ہوا جسکے دوران ہی دونوں بہنوں نے پہلے جونیئر اور نوعمر معیار کے ٹینس مقابلے جیتنے شروع کر دیئے۔

وینس ولیمز جلد ہی اَنڈر 12 کھلاڑیوں میں نمبر 1 کھلاڑی بن گئیں جب وہ خود محض 11سال کی تھیں۔ تاہم نسلی مسائل اور معاشرے کی طرف سے توہین آمیز تبصروں کی وجہ سے ولیمز سسٹرز کومسائل کا سامنا تھا جسکا اُنکی تربیت پر بھی اثر پڑ رہا تھا۔لہذا رچرڈ ولیمز نے اپنی بیٹیوں کو کھیل میں تربیت دینے کی کچھ ذ مہ داری اپنے کندھوں پر بھی لی اور ان کے کوچ بن گئے۔

وینس ولیمز نے اپنا پہلا باقاعدہ میچ 14 سال کی عمر میں کھیلا جو ہار گئیں۔ اگلے سال تین ٹورنامنٹ کھیلے۔ اگرچہ وہ تینوں بھی ہار گئیں لیکن اوکلینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں وہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے کیلئے عالمی نمبر 18 ایمی فریزیئر کو شکست دینے میں کامیاب رہیں۔اُسے اگلے سال ایک میچ میں اُس وقت کی نمبر1 کھلاڑی اسٹیفی گراف سے بھی شکست ہو گئی۔

وینس ولیمز کیلئے 1997 ء کا سال گرینڈ سلام کے لحاظ سے ملا جُلارہا۔ فرنچ اوپن سے اپنے گرینڈ سلام کا ڈبیو کیا اور دوسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیاب رہیں۔ ومبلڈن کے پہلے راؤنڈ میں ہار گئیں۔ یو ایس اوپن97ء دیگر دونوں میں سے سب سے زیادہ کامیاب رہا کیونکہ وینس ولیمز فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔ بہرحال وہاں وہ مارٹینا ہنگس سے ہار گئیں۔

لیکن اس دوران اپنی شاندار کارکردگی کے باعث اے ٹی پی کی عالمی درجہ بندی میں 22ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں۔ آسٹریلین اوپن 98ء میں اُنھوں نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔اس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں وینس ولیمز کا پہلی دفعہ ٹینس کورٹ میں اپنی چھوٹی بہن سرینا ولیمز سے سامنا ہوا ۔ وینس ولیمز 6فُٹ1 اِنچ قد کی مالک ٹینس کورٹ میں اپنی بڑی کامیابی کیلئے ایڑ ی چوٹی کا زور لگا رہیں تھیں لیکن سنگلز کا کوئی گرینڈ سلام ٹائٹل نہ جیت پا رہیں تھیں ۔

اس دوران اُنھیں1998کے آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلز میں اپنے امریکن ساتھی جسٹن جیملسٹوب کی شراکت میں ٹائٹل حاصل کرنے کا موقع مل چکا تھا اور اگلے سال فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن میں اپنی چھوٹی بہن سرینا ولیمز کی شراکت میں ڈبلز کے فائنلز بھی جیت لیئے تھے۔جسکے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن 2000ء میں اپنی امریکن حریف لنڈسے ڈیونپورٹ کو فائنل میں ہرا کر گرینڈ سلام جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئیں۔

وینس ولیمز نے اپنے کھیل کے اسٹائل سیدھے ہاتھ سے شارٹ اور دونوں ہاتھوں سے بیک ہینڈ شارٹ ،قد کا استعمال کرتے ہوئے جارحانہ انداز کو اپناتے ہو ئے ٹینس کورٹ میں اپنے حریفوں کو ٹائف ٹائم دینا شروع کر دیا لیکن پھر اُنکی چھوٹی بہن سرینا ولیمز اُنکی سخت حریف ثابت ہوئیں ۔وینس ولیمز اپنے ٹینس کیرئیر میں 16دفعہ گرینڈ سلام فائنلز میں پہنچیں جن میں سے7 بار ٹائٹل جیت پائیں۔

5 مرتبہ ومبلڈن اور 2 مرتبہ یوایس اوپن۔2 دفعہ آسٹریلین اوپن اور ایک دفعہ فرنچ اوپن کے فائنلز تک بھی رسائی حاصل کی لیکن اپنی بہن سرینا ولیمز سے شکست کھا گئیں۔وہ کُل 9دفعہ گرینڈ سلام فائنلز میں سرینا ولیمزکے سامنے آئیں جن میں سے صرف 2 مرتبہ جیت پائیں۔ وینس ولیمز نے43سال کی عمر میں ومبلڈن23ء میں ایک مرتبہ پھر قسمت آزمائی کی لیکن پہلے ہی راؤنڈ میں میچ کے دوران گھاس پر پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے انجیری ہو گئی جسکی تکلیف کی وجہ سے28 سالہ یوکرئن کی ایلینا سویٹولینا سے شکست کھا گئیں۔

تاہم وہ ایونٹ میں اپنے بالوں کو " پنک" رنگ کر کے آنے کی وجہ سے زیادہ" گوسپس" کا حصہ بن گئیں۔ جبکہ یوکرئن کی ایلینا سویٹولینا کو اسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں چیک کی کھلاڑی مارکٹا وندر وسووا نے شکست دی اور پھر تیونس کی أنس جابر کو شکست دے کر پہلی دفعہ ٹائٹل جیتا۔ وینس ولیمز نے اپنے شاندار ٹینس کیرئیر میں کُل44 ٹائٹلز حاصل کیے۔جن میں 7 سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتے۔

اپنی بہن سرینا ولیمز کے ساتھ گرینڈ سلامز میں 13 دفعہ ڈبلز کی چیمپئین بنیں اور 2 مکسڈ ڈبلز ٹائٹلز جیتے۔ اسی اعلیٰ ترین کارکردگی کے باعث 25ِ فروری 2002 ء کو پہلی بار عالمی نمبر 1 رینکنگ پر بھی آگئیں۔ اُس وقت اوپن ایرا میں یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ پہلی افریقی /امریکن بھی بنیں۔اُنھوں 4 اولمپک گولڈ میڈل بھی جیتے :ایک سنگلز میں اور تین ڈبلز میں اپنی بہن سرینا ولیمز کے ساتھ۔

وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی بھی دوسری خاتون ٹینس کھلاڑیوں سے زیادہ اولمپک گولڈ میڈل جیتے ہوں۔ساتھ میں وہ ہیلن ولس موڈی کے بعد وہ واحد خاتون ہیں جنہوں نے سنگلز اور ڈبلز دونوں گیمز میں طلائی تمغہ جیتا۔ وینس ولیمز نے جہاں کامیابیوں کے باعث بہت سے اعزازت اور ایوارڈز حاصل کیئے وہاں وہ اپنی ذاتی زندگی میں انجیریز کا شکار بھی رہیں جسکا اُنکے ٹینس کیرئیر پر بھی اثر ہوا ۔

دوسرا ایک امریکن گولف کھلاڑی اور ایک کیوبا کے ماڈل سے دوستی کی خبریں بھی سامنے آئیں لیکن ابھی تک وینس ولیمز کی شادی نہیں ہوئی۔اسکے علاوہ بذات ِخود کار چلاتے ہوئے ایک حادثے میں78 سالہ شخص کی ہلاکت اور چند افراد کے زخمی ہونے کے الزام میں بھی اُنھیں مسائل پیش آئے لیکن پھر تیسرے ڈرائیور کی غلطی پر اُنھیں مقدمے سے بری کر دیا گیا۔ ْْْْْْْْْْْْ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "۔

مزید مضامین :