گلین میکسویل کے بیٹ کی " میوزیکل ٹون" ۔۔"ویلڈن"

Maxwell

میکسویل کے بیٹ کی اس " میوزیکل ٹون"نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور اُنکی بیٹنگ کے بارے میں اعلیٰ ترین الفاظ استعمال کیے گئے

Arif Jameel عارف‌جمیل بدھ 8 نومبر 2023

Maxwell
گلین میکسویل کے بیٹ کی " میوزیکل ٹون" ۔۔"ویل ڈن"۔ابھی چند روز پہلے ہی رواں ورلڈ کپ2023 میں گلین میکسویل نے نیدر لینڈ کے خلاف صر ف44 گیندوں پر 106 رنز بنا کر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا اور مین آف دِی میچ ہوئے۔ پھر پاکستان کے فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف 126 رنز کی جارحانہ ناقابل ِ شکست اننگز کھیل کر" فیبولیس فخر" کہلائے۔

لیکن گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کے اس 40 ویں میچ میں افغانستان کے خلاف اننگز کھیل کر جو ناقابل ِشکست ڈبل سنچری بنائی ہے وہ کرکٹ کی تاریخ میں مدتوں یا د رکھی جائے گی۔ میکسویل کے بیٹ کی اس " میوزیکل ٹون"نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور اُنکی بیٹنگ کے بارے میں اعلیٰ ترین الفاظ استعمال کیئے گئے۔ایک محترم ڈاکٹر شوکت سلمان نے خوب لکھا ! " اصل میں پیٹ کمنز آسٹریلیا کے ناقابل تسخیر ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

202* رنز کی شراکت میں کمنز نے 68 گیندوں پر 12* رنز بنائے۔یہ ذہنی پختگی ٹیمپرامینٹ کچھ کر دِکھانے کا جذبہ اور حالات کنڈیشنز کو صحیح طریقے سے جانچتے،سمجھتے ہوئے اپنے اوپر اعتماد ہونے کی وجہ سے ہواہے"۔ آسٹریلیا کے جب 91 اسکور پر7 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تو کپتان پیٹ کمنز کھیلنے آئے ۔ایسے لگا کہ میکسویل نے اُنھیں کہا بس آپ ساتھ دیں باقی مجھ پر چھوڑ دیں ۔

اُس دِن ،ممبئی میں گرمی کی شدت بھی کچھ زیادہ تھی جسکی وجہ بیٹنگ کے دوران ہی 34 ویں اوور میں اُنھیں ٹانگ اور کمر کے درمیان مسلز میں شدید درد شروع ہو گئی۔پھر اُنھوں نے اُس وقت جب پچ فاسٹ اور سپنرز دونوں کو مدد دے رہی تھی اور وہ7 کھلاڑی آؤٹ بھی کر چکے تھے۔میکسویل نے بغیر ٹانگ ہلائے ہاتھ کی کلائیوں سے وہ ز وردار چھکے اور چوکے لگائے کہ سب حیران رہ گئے۔

افغانستان کے بیٹر ابراہیم زدر کی سنچری،فاسٹ باؤلرز کی شاندار وکٹیں ،رحمت شاہ کی براہ راست تھرو سے مارنس لیبوشین کا شاندار رَن آؤٹ اوراکرام علی خیل(وکٹ کیپر)کا راشد خان کی گیند پر مچل اسٹارک کا غیر یقینی کیچ سب پس ِپُشت رہ گیا اور تھا تو ذکر صرف " گلین میکسویل کی ویلڈن" ورلڈ کلاس اننگز کا۔ آئی سی سی ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈ کپ2023 ء کے راؤنڈ کا یہ میچ آسٹریلیا اور افغانستان دونوں ٹیموں کیلئے اہم تھا ۔

آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر نا تھا اور افغانستان نے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے ایک اور کوشش کر نی تھی۔ اگر افغانستان کی کارکردگی کا رواں ایونٹ میں اب تک کے 8میچوں کا ذکر کیا جائے تو جس طرح اُنھوں نے پہلی دفعہ کسی انٹرنیشنل ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ میں شکستوں کے بعد کم بیک کیا ہے تو وہ قابل ِتعریف رہا۔ یہاں تک کہ اُنھیں مزید سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے ابھی ورلڈ کلاس ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کرنا تھا۔

لہذا اُنھوں نے اس 8ویں میچ میں سب سے پہلے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا بہت اچھا فیصلہ کیا۔دوسرا اُنکے بیٹرز نے آسٹریلیا کے بہترین باؤلرز کا بغیر دباؤ لیئے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا سے مقابلے کا مجموعی اسکور291 رنز بنا لیئے۔تیسرا اُنکے باؤلرز نے بھی کمال کی باؤلنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو292 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے دوران آؤٹ کر نا شروع کر دیا اور ایک موقع آیا کہ آسٹریلیا کے 4اہم بیٹرزکو 49کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیئے۔

جسکے بعد آسٹریلیا کے مڈ ل آڑدر ورلڈ کلاس بیٹر گلین میکسویل کھیلنے آئے۔افغانستان کے فاسٹ باؤلر عظمت اللہ عمرزئی اُس وقت ہٹ ٹرک پر تھے ۔اُنکی ہٹ ٹرک تو نہ ہوسکی لیکن جب میکسویل 24کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے تو سپنرراشد خان کی گیند پرمجیب الرحمان کے ہاتھوں سے اُنکا کیچ چھوٹ گیا۔پھر اُسکے بعد میکسویل تھے اور افغانستان کے باؤلرز اور میچ کے اختتام پر وہی پُرانی کہاوت" گُڈ کیچز وِن میچز" تھی۔ گلین میکسویل مین آف دِی میچ ہوئے۔ آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا اورافغانستان نیوزی لینڈ اور پاکستان کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ میں ابھی بھی شامل ہے۔ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "۔ #####

مزید مضامین :