کپتان کی قیادت ۔اچھے دن دور نہیں

پیر 24 اگست 2020

Hammad Asghar Ali

حماد اصغر علی

غیر جانبدار حلقوں نے رائے ظاہر کی ہے کہ جس موثر ڈھنگ سے حالیہ چند ہفتوں میں کورونا جیسی وبا پر قابو پایا گیا ہے اس سے ظاہری طور پر لگتا ہے کہ وطن عزیز کے اچھے دن دور نہیں اور عمران خان کی کوششیں اس ضمن میں مثبت ڈھنگ سے نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں اور عالمی سطح پر بھی وزیر اعظم پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے ۔


دو سری طرف وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرئے گا۔ اس صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مبصرین نے کہا ہے کہ اعلیٰ تر ین سطح پر پاکستان کا یہ موقف ہر لحاظ سے منصفانہ اور حقائق پر مبنی ہے ۔دو سری جانب کپتان نے یہ بھی واضح کیا کہ ملکی معیشت کواوپر اٹھانے کیلئے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گااور اسی ضمن میں کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں اور رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائیگا کیوں کہ کرونا وائرس کی وبا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کیلئے یہ پروگرام بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)


 یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رقم کے حصول کیلئے درخواستیں دی ہیں اور مزید 53 ارب روپے سے زائد رقم کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔عمران خان نے خبردار کیا کہ شفافیت اور میرٹ پر کسی سطح پر بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ہدایت کی ہے ملک میں سیاحت کے فروغ اور اس حوالے سے بین الصوبائی روابط اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سیاحت بنائی جائے
 اسی ضمن میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے بے شمار مواقع ہیں اور ہمارا مقصد ملک کے طول و ارض میں پھیلے سیاحتی مقامات کو اس انداز میں ترقی دینا ہے کہ وہ ہماری تہذیب اور ہماری سماجی اقدار کی عکاسی کر سکیں اور سیاحوں کے لئے سیاحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں اور سیاحتی مقامات کے فروغ اور تعمیرو ترقی کے لئے حکمت عملی و منصوبہ بندی کا فوری طور پرآغاز کیا جائے۔

دوسری طرف
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی اور تبدیلی کے دو سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور انکی ٹیم نے انتھک محنت اور جدوجہد سے تمام شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی و انتظامی فرنٹ پر بہترین صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیااور مایہ ناز عالمی ادارے بلومبرگ نے پاکستان سٹاک مارکیٹ کو بیسٹ پرفارمنگ سٹاک مارکیٹ قرار دیا۔


 پنجاب کے وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر تک لانا موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ حکومتوں کی جانب سے لیے گئے 5000 ارب روپے کے قرضے بھی واپس کیے۔انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں حکومتیں مناسب پلاننگ اور واضح روڈ میپ کے بغیر اداروں سے قرضے لینے کی پالیسی پر گامزن تھیں، جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ دو سال میں سٹیٹ بینک سے ایک روپیہ قرض نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود کرونا کے خلاف 1240 ارب کا ریلیف پیکج اور احساس پروگرام کی صورت میں وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج متعارف کرایا۔ اسی تناظر میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 12 ملین ڈیلی ویجرز میں 145 ارب کی رقوم تقسیم کی گئیں۔ واضح ہو کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا ویژن قومی اداروں کو سیاسی اثرورسوخ سے آزاد کرنا ہے کیونکہ آزاد اور مستحکم ادارے ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے لے جا سکتے ہیں۔


کشمیرکمیٹی کے چیئرمین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی بحران کے خلاف دنیا کو متنبہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشمیر میں محصور COVID-19 متاثرین کے لئے ایک انسانی ہمدردی کی راہداری بنانے کے لئے کام شروع کریں۔ انہوں نے اسی ضمن میں یہ بھی کہا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر کے عوام دوہرے لاک ڈان کی زد میں ہیں اور کوویڈ۔

19 پھیلنے کے باوجود قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو ادویات اور دیگر سہولیات نہیں دے رہی۔
 شہریار آفریدی نے کہا کہ عالمی برادری کو آگے آکر بھارتی غیر قانونی قبضہ کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں انسانی ہمدردی کی راہداری تشکیل دینا چاہئے جس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو امداد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے اسی تناظر میں اپنی با ت کو مزید آگے بڑھاتے کہا کہ دنیا کوویڈ 19 وبائی مرض کے نتیجے میں بے حد تکلیف کا شکار ہوگئی ہے اور دنیا بھر کی حکومتوں اور ڈبلیو ایچ او نے اس مرض سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی مدد کے لئے مل کر کام شروع کر رکھا ہے اوراس سلسلے میں، پاکستان ایک کامیاب ترین قوم کی حیثیت سے ابھرا ہے جس نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت وائرس سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی تھی ۔

آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے احساس کیش پروگرام کے تحت غریبوں کی مدد کی جبکہ ڈاکٹروں، پیرامیڈکس اور صحت کے کارکنوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ لوگوں کو جب اور جہاں ضرورت ہو وہاں امداد فراہم کی جائے۔ کوویڈ 19 تیزی سے پھیل رہا ہے اور کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال خراب ہورہی ہے۔ ایسے میں کشمیر میں جاری غیر معینہ بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے کشمیر یوں کو معاشی، معاشرتی اور انسانیت سوز بحران کا سامنا ہے۔

چیئر مین کشمیر کمیٹی نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کریں اور کشمیریوں کوادویات اور کوویڈ 19 سے متعلق مواد فراہم کریں۔حرف آخر کے طور پر شائد یہ کہا جا سکتا ہے کہ شائد عمران خان کی قیادت میں پاکستان مشکلات کے دور سے باہر نکلنے کو ہے ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :