تیر و ترکش

بدھ 3 اپریل 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#تیل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پردستخط کرتے وقت عمران خان کے ہاتھ کیوں نہیں کانپتے، شہبازشریف
اس طرح کی سمریوں پر دستخط کرتے وقت خان صاحب سابق وزرائے اعظم کے دستانے پہن لیتے ہیں۔
#کاش ایسی قیادت ملے جو سمت درست کردے، وزیر خارجہ
شاہ محمود صاحب کا پیمانہٴ صبر لگتا ہے لبریز ”ترین“ ہورہا ہے۔
#جہانگیرترین الیکشن سے باہر ہوئے دلوں سے نہیں، وزراء
کیونکہ آپ لوگوں کے دلوں کے اوپر جیبیں بنی ہوتی ہیں۔


#ارکان اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانا شرم ناک ہے، نعیم الحق
آپ رکنِ اسمبلی نہیں ہے ناں!
#پاکستان سے جھگڑے میں وقت نہیں گنوانا چاہتے، نریندرمودی
وقت کے علاوہ جو جو کچھ گنوایا ہے پاکستان سے جھگڑے میں وہ بھی تو بتائیں ناں!
#وفاقی وزیرِ اطلاعات کا جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط
وفاقی وزیرِ اطلاعات اور ان کے رفقاء کے کم بولنے سے بھی یہ کام ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)


#منبر ومحراب کی مقدس مسند ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ کی جائے، وفاقی وزیر مذہبی امور
جی بالکل! اس کے لیے پارلیمان، ٹی وی چینل اور سوشل میڈیا کافی ہیں۔
#وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان کو اہم اختیارات مل گئے۔
بزدار صاحب کے پاس غیراہم اختیارات ہیں کیا؟
#پاکستان کے فیصلے اب پاکستان میں ہی ہوں گے، وزیر مملکت برائے امور داخلہ
وزیر صاحب کا زور ”اب“ پر ہے یا ”ہوں گے“ پر، کچھ واضح نہیں ہورہا۔


#وزیراعظم نے باغِ ابن قاسم کا افتتاح کردیا، میئر وسیم اختر کی تعریف
پہلے اس باغ کا افتتاح جنرل (ر) پرویزمشرف نے کیا اور ناظمِ شہر مصطفی کمال کی تعریف کی تھی، اب دیکھتے ہیں اگلی باری افتتاح کون کرتا ہے اس باغ کا اور تعریف کس کی ہوتی ہے۔
#وفاقی حکومت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، وزیراعلیٰ سندھ
آپ سنجیدہ ہوجائیں تو بھی کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔


#سرمایہ کار بھاگ رہے ہیں اور روپے کی قدر گر رہی ہے، سینیٹر عبدالرحمن ملک
آپ کے دور میں تو سرمایہ بھاگ رہا تھا اور ایان علی کی قدر بڑھ رہی تھی۔
#عوام تیاری کرلیں حکومت مہنگائی کا نیا بم گرانے والی ہے، ن لیگ
اور آپ اس بم کے اسکریپ سے فائدہ اٹھانے کے چکر میں ہیں۔
#پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، بیرسٹر اعتزازاحسن
آپ جیسوں کی موجودگی میں۔


#جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو انصاف کا اعلیٰ ایوارڈ مل گیا۔
اور قوم ابھی تک انصاف کی راہ تک رہی ہے۔
#وزیراعظم نے وی آئی پی ٹرین کا افتتاح کردیا
بڑے نعرے لگائے تھے خان صاحب نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کے۔
#امید ہے میری ٹیم مجھے مایوس نہیں کرے گی، وزیراعلیٰ پنجاب
آپ کو مایوس کرنے کا اختیار کس کے پاس ہے، اچھی طرح جاننے کے باوجود آپ ٹیم سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں!
#عمران خان ڈیل کے قائل ہیں نہ ڈھیل پر آمادہ، شاہ محمود قریشی
ایسے میں آپ کے لیے سیاست کاری کافی مشکل ہوگئی ہے ناں؟!
#وزیراعظم کی ٹیم میں وہی رہے گا جو کام کرے گا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب
وزیراعظم کی ٹیم اس بات کو اور ”کام“ کو اچھی طرح جانتی ہے چاہے پوچھ لیں سابق وزرائے اعظم سے جن کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں اکثر لوگ۔


#حکومت سب جماعتوں کو اکٹھا کرے، چودھری نثار
آپ کی جگہ تو اس اکٹھ میں بھی نہیں بنے گی!
#پی ٹی آئی عمران کی جگہ دوسرا وزیراعظم لائے، منظوروسان
بے چاری پی ٹی آئی کا کیا لینا دینا اس طرح کے معاملات میں، جنہوں نے لانا ہے نیا وزیراعظم ان سے کہیں ناں آپ!
#سماجی امداد کے تمام اداروں کو اکٹھا کیا جارہا ہے، نئی وزارت بنے گی، اسپیکر قومی اسمبلی
سنا ہے کسی این جی او زدہ شخصیت کو نوازنے کے لیے سارے پاپڑ بیلے جارہے ہیں۔


#قرضے ختم، اب آئی ایم ایف سے کوئی لینا دینا نہیں، ترک صدر
کاش ہمارا بھی کوئی صدر وزیراعظم اس طرح کے بیان دینے کے قابل ہو۔
#وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں خط کتابت بے نتیجہ ختم
جس دن وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی خط کتابت کے لیے ”خاکی“ لفافے کا استعمال شروع ہوا نتیجہ بھی مل جائے گا۔
#مولانا فضل الرحمن ہماری ٹریننگ میں آجائیں تو ملک کے لیے بہتر ہوگا، بلاول
لیکن آپ کے لیے بہتر نہیں ہوگا چاہے پوچھ لیں ابو جی سے۔
#نوجوان تنقید نہیں محنت کریں، شہریار آفریدی
آپ نے نوجوانوں کو جو کام سکھایا ہے انہوں نے وہی کرنا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :