تیر و ترکش

منگل 30 اپریل 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#حکومت نے مدارس کو وزارتِ تعلیم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ڈی جی ایس پی آر
اس طرح کے فیصلوں کا اعلان حکومت خود کیوں نہیں کرتی؟
#نواز شہبازشریف اور میں بھاگنے والے نہیں، حمزہ شہباز
جی ہاں! جب بھی گئے جہاز میں جائیں گے آپ لوگ، حسن حسین نواز، اسحاق ڈار اور دیگر رشتے داروں کی طرح۔
#انتہاپسندی کو پڑوسی ملک فروغ دے رہا ہے، صدرِ مملکت عارف علوی
”دے رہا ہے“ یا ”دے رہے ہیں“
#موبائل کمپنیوں نے خاموشی سے کال اور میسج مہنگے کردیے۔


جب ہر چیز علی الاعلان مہنگی ہورہی ہے تو پھر موبائل کمپنیوں کو یہ کام خاموشی سے کرنے کی بھلا کیا ضرورت تھی؟
#ہم ناکام ہیں، تو پیپلزپارٹی ناکام ترین، اسدعمر
اُف اتنا غصہ ”ترین“ پر!
#پرویز خٹک کے بعد لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا۔

(جاری ہے)


ڈبل سواری کی روایت نئے پاکستان میں بھی قائم۔
#رابطہ کمیٹی اور اس کے چند بڑے قوم کا سودا کرچکے، ڈاکٹر فاروق ستار
آپ کا بھی جھگڑا تو کمیشن کا ہی ہے ناں!
#حکمرانوں کو نظریہٴ پاکستان کا کچھ علم نہیں، مولانا فضل الرحمن
ان کے تو علمِ جغرافیہ کا بھی یہی حال ہے جناب!
#پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الٰہی کے بھائی بغیر ڈگری ڈاکٹر بن گئے۔


نئے پاکستان کے پرانے مستری!
#مدارس کو ختم نہیں کرنا چاہتے، وزیر مذہبی امور
کوئی چاہ کر دیکھ بھی لے تو ایسا نہیں کرسکتا۔
#قربانی سب کو دینی چاہیے، کسی ایک کو نہیں، اسد عمر
یہ مطالبہ آپ نے کابینہ میں موجود انصافیوں سے تو نہیں کیا ناں!
#کیا مدارس کے بچوں کا حق نہیں کہ وہ ڈاکٹر، انجینئر بنیں، فوج میں آئیں، میجر جنرل آصف غفور
کیا اسکول کالج اورکاکول میں پڑھنے والوں کا حق نہیں کہ انہیں اپنے دین کے مطابق زندگی گزارنے کا علم آئے؟
#ہر جگہ عمران کے کھلاڑی کھیلتے نظر آئیں گے، وفاقی مشیرِ اطلاعات
کھلاڑی تو مختلف ٹیموں کے ہیں، البتہ کوچ سب کا ایک ہی ہے۔


#بلدیاتی انتخابات میں قربانیاں دینے والوں کو ٹکٹ دیں گے، گورنر پنجاب
لگادیں ٹرک کی بتی کے پیچھے قربانیاں دینے والوں کو!
#چینی قیادت کا پی ٹی آئی پر اظہارِ اعتماد۔
چین کی حکومت دے کر دیکھیں پی ٹی آئی کو، لگ پتا جائے گا آپ کو!
#حکومت خود گر رہی ہے، کسی کو میدان میں آنے کی ضرورت نہیں، سراج الحق
ساری اپوزیشن کے لیے پھر اعتکاف کا اہتمام کریں منصورہ میں!
#تفتیشی ادارے پی ٹی آئی کی کرپشن پر ایکشن کیوں نہیں لیتے، بلاول
تھوڑا صبر کرلیں، آپ پر ایکشن بھی تو آپ کی حکومت ختم ہونے کے بعد ہی لیا گیا ناں!
#عوام چہرہ بدلنے والوں کو قبول کرتے ہیں، چودھری نثار
اور آپ اتنے روایت پسند ہیں کہ وِگ بھی تبدیل نہیں کرتے۔


#جماعت اسلامی کا عید کے بعد حکومت کے خلاف عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان۔
 حکومت اسی طرح چلتی رہی تو عید آئے گی کب وطن عزیز میں؟
#صدارتی نظام امریکا، فرانس اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے، تجزیہ کار ہارون الرشید
تو کیا عوام وہاں چلے جائیں؟
#غربت کے خاتمے میں چین ہماری مدد کرے، عمران خان
کیا چین نے غریب کیا ہے ہمیں؟
#بلاول صرف خاندانی کرپشن کی حفاظت کررہے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اپوزیشن میں ہیں ناں اس لیے یہ کام بلاول کو کرنا پڑ رہا ہے،پیپلز پارٹی حکومت میں ہوتی توآپ، ندیم افضل چن اور صمصام بخاری جیسے لوگ یہ کام کررہے ہوتے۔


#عمران کا بیان افغانستان میں مثبت تبدیلی لائے گا، زلمے خلیل زاد
پاکستان میں تو آئی نہیں مثبت تبدیلی ان کے بیانوں سے۔
#عوام کو ریلیف دینے کے لیے آخری حد تک جاوٴں گا، وزیراعلیٰ پنجاب
فی الحال تو عوام کو تکلیف دینے میں ساری حدیں عبور کی جارہی ہیں۔
#صاحب اور صاحبہ سے آگے نکلنا ہوگا، ترجمان پاک فوج
مشورہ تو اچھا ہے لیکن جنہیں دیا جارہا ہے انہیں اِس کے سوا بھی تو کچھ آتا ہو۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :