بنی اسرائیل‎

جمعرات 6 مئی 2021

Professor Shahid Ahmad Solehria

پروفیسر شاہد احمد سلہریا

بنی اسرائیل حضرت یعقوب علیہ السلام کی کنیت یا لقب تھا۔
اسرائیل عبرانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں
"اللہ کا بندہ"۔
حضرت اسحق علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام ابرہیم علیہ السلام کے فرزند ہیں ۔
حضرت اسماعیل علیہ السلام  اسحق علیہ السلام سے بڑے تھے۔
آپ کی والدہ کا نام حضرت ہاجرہ تھا جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دوسری زوجہ تھیں اور(ایک تاریخی حوالے کے مطابق)بادشاہ مصر کی بیٹی تھیں۔

حضرت سارہ ابراہیم علیہ السلام کی پہلی زوجہ محترمہ تھیں اور اپنے جمال میں ممتاز تھیں۔انہی کے بیٹے حضرت اسحاق علیہ السلام تھے جن کے بیٹے یعقوب علیہ السلام تھے۔ یعقوب علیہ السلام کی اولاد کو بنی اسرائیل کہا جاتا ہے اور اکثر انبیاء کرام بنی اسرائیل میں ہی مبعوث ہوئے۔

(جاری ہے)

قران مجید کی سورہ یوسف میں یوسف علیہ السلام کا جو قصہ اور خواب بیان کیا گیا ہے وہ حضرت یعقوب علیہ السلام کے انہیں بیٹوں اور یوسف علیہ السلام کے بھائیوں کے متعلق ہی تھا۔

یوسف علیہ السلام بھی یعقوب علیہ السلام کے بیٹے تھے یعنی بنی اسرائیل میں سے تھے) یوسف علیہ السلام کے بعد وقت گزرتا رہا۔ موسیٰ علیہ السلام سے بنی اسرائیل کا عروج شروع ہوا۔
بنی اسرائیل کو  اللہ نے بہت انعام و اکرام سے نوازا۔
 ان پر آسمان سے کھانا اتارا جسے قرآن مجید میں من و سلویٰ کہا گیاہے اور بنی اسرائیل کو پہلی امت مسلمہ کے درجے پر بھی فائز کیا مگر بنی اسرائیل نے اللہ کے تمام انعامات کو پس پشت ڈال کر ناشکری اور نافرمانی کا رستہ اپنایا اور کئی انبیاء کرام تک کو قتل کر ڈالا۔


عیسیٰ علیہ السلام نسلاً یہودی تھے اور بنی اسرائیل میں ہی مبعوث ہوئے تھے تاکہ بنی اسرائیل کو راہ راست پر لا سکیں مگر بنی اسرائیل نے ان کو بھی اپنے تئیں قتل کر ڈالا (اگرچہ اللہ نے عیسیٰ علیہ السلام کو ان سے بچا کر آسمان پر اٹھا لیا)۔ان کی بار بار کی سرکشی اور نافرمانی کی کئی دفعہ ان کو مختلف عذابوں کی صورت میں سزا بھی دی گئی اور تنبیہ بھی کی گئی مگر مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔

۔۔
تین الہامی کتابیں تورات، زبور اور انجیل بنی اسرائیل کے تین رسولوں پر نازل کی گئیں۔ موسیٰ علیہ السلام پر تورات، داؤد علیہ السلام پر زبور اور عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل نازل کی گئی۔مگر بنی اسرائیل نے سب کی تعلیمات سے انحراف کی روش نہ چھوڑی اور مسلسل اللہ کے بھیجے ہوئے انبیاء ورسل کی تکذیب و اہانت کے مرتکب ہوتے رہے۔یوسف علیہ السلام، موسیٰ علیہ السلام، داؤد علیہ السلام، سلیمان علیہ السلام،ذکریا علیہ السلام، یحییٰ علیہ السلام اور عیسیٰ علیہ السلام بنی اسرائیل کے نمایاں انبیاء ورسل ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ یعقوب علیہ السلام کے ایک بیٹے کا نام یہودا تھا اور  موجودہ بنی اسرائیل کی اکثریت اسی کی اولاد ہونے کی وجہ سے یہودی کہلاتی ہے۔موجودہ ملک "اسرائیل" کا نام بھی یہودیوں نے اپنے جد یعقوب علیہ السلام کے لقب یا کنیت پر رکھا ہے۔(جاری ہے)۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :