فوج اور حکومت سے توقع عبث..صرف ٹائم پاس جاری

بدھ 11 ستمبر 2019

Syed Arif Mustafa

سید عارف مصطفیٰ

کیا یہ وقت بھی آنا تھا کہ لوگ اب منہ بھر بھر کے کہ رہے ہیں‌ کہ تاریخ میں پہلی بار بھارت امریکہ اور پاکستان ایک ہی پیج پہ آچکے ہیں اورکشمیر کے معاملے میں جو ہونا تھا وہ اندر خانے مل ملا کے ہو چکا ہے اور باقی یہ سب جو بیرونی آنیاں جانیاں ہیں صرف نمائشی ہیں اورمحض ڈھکوسلا ہیں اور اسی لیئے اب وہ نوبت بهی بالآخر آہی گئی ہے کہ مصلحتوں کا شکار ہوئی پاک فوج اور بیرونی آقاؤں کے اشارے پہ ناچتی حکومت سے توقع لگانا قطعی عبث ہوچلا هے ۔

۔۔ کیونکہ کشمیر کے معاملے میں دو ٹوک عملی اقدام میں بیحد تاخیر سے وهاں زمینی حقائق بڑی تیزی سے تبدیل ہوتے چلے جارہے ہیں ۔۔۔ عملی صورتحال یه هے كه چونکہ کشمیر کے معاملے میں بھارتی جارحیت اور اسكی قابضانہ حکمت عملی کو کسی نے بهی نہیں روکا اور نه هی کسی نے اسکا ہاتھ پکڑنے كی كوئی سنجیده و بامعنی كوشش كی ، چنانچہ لگتا یہ ہے کہ برصغیر میں کھیلا گیا اسکا یہ نیا کھیل اب اپنے مرحلہء تکمیل کو آن پہنچا ہے اور اسی لیئے امریکی صدر ٹرمپ نےكهل كر یه کہنا ضروری سمجها هے كه ’’ اب کشمیر کے معاملات میں بہتری آرہی ہے اور پہلے جیسا تناؤ باقی نہیں رہا ہے اور مزید بہتری کے لیئے وہ پاکستان اور بھارت کو پھر سے ثالثی کی پیشکش کرتے ہیں ‘‘ ـ۔

(جاری ہے)

۔ واقفان حال جانتے هیں كه ماضی قریب میں انکی ثالثی کی پیشکش بھارت کو ہلا شیری دینے کا سبب بنی تھی اور اب یقینناًانكی نئی پیشكش کا مطلب یہ ہے کہ چونکہ آپنے اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کرلیئے ہیں چنانچہ اب آپکی خواہش کے عین مطابق معاملات کو یہیں پہ اپنی چھتری تلے جماؤ دیئے دیتے ہیں ۔۔۔
   یاد رکھیئے کہ یہ سائنس کا اصول اور تاریخ کا سبق ہے کہ کوئی آگ خواہ کتنی ہی بڑی اور شدید کیوں نہ ہو اگر اسے ایندھن نہ ملے تو بالآخر آہستہ آہستہ بجھ ہی جاتی ہے اور اسی طرح کوئی گھاؤ خواه کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، گزرتے وقت كے مرهم سے رفتہ رفتہ بھر ہی جاتا ہے تو اگر كشمیر كے كیس میں اس اصول كا اطلاق نه هو تو یه بڑی حیرت كی بات هوگی۔

۔۔ اور اب جبكه بهارت میں كشمیركے زبردستی كیئے گئےانضمام كو پورے 36 روز گزرچکے ہیں‌ اور اس جنت ارضی کہے جانے والے خطے كو ایك بڑی جیل میں بلكه عقوبت خانے میں تبدیل كردیئے جانے كے اس طویل دورانیئےكے تناظر میں وهاں كچه بهی هوسكتا هے اور کچھ عجب نہیں کہ بیرونی دنیا کی لاتعلقی سے کشمیری بھی دھیرے دھیرے مایوس ہوکر اگر پھر سے اسی پرانی مصالحانہ ڈگر پہ ہی نہ لوٹ جائیں‌ کہ جس پہ وہ ستر سال سے چلتے چلے آرہے تھے اور جسكے وه اب عادی بهی هوچلے تهے بلکہ اس سے بھی زیادہ خراب یعنی انضمام کے بعد کی پوزیشن پہ بھی صبر کرلیں کیونکہ تمام کشمیری قیادت اور ہزاروں نوجوانوں‌کی گرفتاری کے بعد سے اس تمام عرصے میں انکے اندر سے ابتک مزاحمت کی کوئی ایسی بڑی شکل بھی دیکھنے میں نہیں آسکی کہ جو انکے غم و غصے کو کسی فیصلہ کن مرحلے تک پہنچاسکے ۔

۔۔
ہمیں یہ سامنے کی حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیئے کہ نتیجہ خیز مزاحمت ایک خاص سرکش خمیر سے پنپتی ہے جبکہ طبعی طور پہ بطور قوم ، کشمیری امن پسندی ، عاجزی و انکسار کا پیکر ہیں اور یوں جارح سے نبرد آزمائی کے لیئے درکار اس خاص جوہر سے وہ تقریباً محروم نظر آتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قطعی جہادی و حربی مزاج نہ رکھنے  کے باعث انہیں کسی عہد میں بھی کبھی بطور جنگجو نہیں دیکھا گیا اور اسی سبب وہ افغانوں ، ترکوں اور الجزائریوں وغیرہ سے مختلف تاریخ کے حامل ہیں کہ جنہوں نے چند ہی برسوں میں دو بدو جنگ کرکے جارح کو گھٹنے ٹیکنے پہ مجبور کردیا جبکہ کشمیری المیہ اب گھسٹتے و رینگتے ہوئے پون صدی کی عمر کا ہوچلا ہے اور حالات کے جبر کے زیر اثر انکے جو تھوڑے بہت استثنائی لوگ مزاحمت کی تاب رکھتے بھی تھے انکی بڑی تعداد یا تو شہید کی جاچکی ہے یا پابند سلاسل ہے - بھارتی تسلط سے شدید نفرت کے باوجود ، تقسیم ہند کے وقت سے ابتک وہ بے عملی کا شکار رہے ہیں اور بطور قوم زیادہ تر وقت سوتے اور کبھی کبھی تھوڑی سی دیر کے لیئے جاگتے چلے آئے ہیں اور انکی یہ بے عملی اور دوسروں پہ انحصار کرنے کی عادت فطری طور پہ روایتی جہادی مزاج کے حامل گروہوں کو انکے قریب آنے اور وہاں برسر پیکار ہونے سے روکتی ہے کیونکہ جہاد اور مزاحمت کا بنیادی چشمہ توہمیشہ مقامی سرزمین ہی سے اگتا اور پھلتا پھولتا ہے اور بلاشبہ دیگر ہمدرد خاجی قؤتیں خوہ کتنی ہی جنگجو کیوں نہ ہوں ، اپنی اصل طاقت تو وہیں کی مقامی زمین سے ہی حاصل کرتی ہیں
اس میں کوئی شک نہیں کہ تاریخی طور پہ  کشمیریوں کی مزاحمت کا شجر ہمیشہ باہر سے آئی کھاد کا منتظر رہا ہے اورانکی اس نیم غنودہ فطرت اور بیرونی قؤتوں پہ انحصار کی عادت نے انہیں بڑا نقصآن یہپہنچایا ہے کیونکہ بیرونی جہادی بھی یکسو ہوکے انکا ساتھ نہیں دے سکے ۔

۔۔ تاہم کشمیریوں کی عادت و مزاج خواہ کچھ بھی ہو لیکن تقسیم ہند کے بعد سے انکی عظیم ترین اکثریت خود کو بھارتی قوم کا حصہ باور نہیں کرتی کیونکہ برطنوی پارلیمنٹ کے منظور کردہ آزادی ایکٹ میں طے کیئے گئے تقسیم ہند کے قانونی اصول اور تاریخی عوامل کی روشنی میں مسلمانوں کی بھاری اکثریت پہ مشتمل یہ خطہ بھارت کا جز بنایا جا ہی نہیں سکتا لہٰذا یہ واضح طور پہ پاکستان کا حصہ ہے اور یوں یہ تشکیل پاکستان کی ضمن میں تکمیل کا نامکمل ایجنڈہ ہے چنانچہ پاکستان کی حکومت اور فوج خود کو اس سے لاتعلق رکھ ہی نہیں سکتی ۔

۔۔۔  لیکن بدقسمتی سے ہماری سمت سے عملاً سوائے زبانی جمع خرچیوں اور بھڑک دار بیانات داغنے کے ، اورمزید کچھ نہیں کیا گیا بلکہ اسکے برعکس ہم تو نہایت بزدلی و بیشرمی سے انکی عملی مدد کرنے کو بھی شجر ممنوعہ ہی سمجھتے رہے ہیں اور یہ جو آزاد کشمیر کا حصہ ہمارے پاس آسکا ہے وہ بھی 1948 میں قبائلیوں کی مسلح جدوجہد کی وجہ سے ہے گویا ہماری سیاسی و عسکری اشرافیہ  عملاً کل بھی کشمیریوں سے دغا کرتی رہی ہے اور اور اب بھی یہی کررہی ہے ۔

۔۔ لیکن ادھر عوام بھی اس بات کو سمجھ چکے ہیں کہ دریں حالات ، اب حکومت اور فوج سے توقع کرنا عبث ہے اور جو کچھ کرنا ہے خود ہی کرنا ہےاور لائن آف کنٹرول کو 1948 کے قبائلی مارچ کی ماندد روند ڈالنے کے سوا مسئلے کا کوئی حل ممکن نہیں رہ گیا
اہل علم اور صاحبان فکر و نظر اس حقیقت کو خوب سمجھتے ہیں کہ یہ جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھانے کی بات ہے اسکی حیثیت  فریب نظر سے زیادہ کچھ بھی نہیں کیونکہ یہ تو ٹائم ضائع کرکے معاملےکو طاق نسیاں پہ رکھ دینے کی ایک کوشش ہے  ورنہ تو یہ مسئلہ تو وہاں 70 برس قبل ہی اٹھایا جاچکا ہے اور یہی نہیں بلکہ 2 قراردادیں بھی منظور کی جاچکی ہیں جو کہ ردی کی ٹوکری میں پڑی سسک رہی ہیں ۔

۔۔ سچ یہہے کہ اس معاملے میں ویسے تو اب عملی حقائق کے مدنظر نئی قرارداد کی منظوری ممکن ہی نہیں لیکن اگر جیسے تیسے کرکے سال ڈیڑھ سال میں یہ قرارداد پاس ہو بھی ہوگئی تو ابکے بھی زیادہ سے زیادہ یہی ہوگا کہ ردی کے اس ڈھیر میں آپ ایک اور قرارداد کا اضافہ کراپائیں گے۔۔۔ ورنہ ان قراردادوں  پہ عمل درامد کروانے کی قؤت و صلاحیت نہ آپ میں پہلے تھی اور نہ ہی اب ہے  - آپ محض تماشے بازی میں ٹائم پاس کررہے ہیں ورنہ 5 اگست کی شام ہی سے بھارت سے سفارتی تعلقات بھی منقطع کرچکے ہوتے اور اسکے ہوائی ٹریفک کےلیئے اپنی فضائی حدود  بھی کب کی بند کی جاچکی ہوتیں  مگر اب 36 روز بعد بھی آپکا وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اس جملے سے آگے بڑھ کے نہیں دیتا کہ ' اب بھی بھارت باز نہ آیا تو ہم اسکے لیئے اپنی فضائی حدود بند کرسکتے ہیں ۔

۔۔ اس میں کیا شک ہے کہ ہماری انتظامی اشرافیہ یہ سب اس لیئے کرپارہی ہے کیونکہ بخوبی جانتی ہے کہ پاکستانی قوم زود فراموش ہے اور کچھ وقت یونہی گزرگیا تو پھر کیسا کشمیر اور کہاں کا کشمیر ۔۔۔ پھر لے دے کے بس کشمیری قہوہ پی پی کے بھارت کو کوسا کریں گے اور ہماری کشمیر کمیٹی  ہندؤں کی توپوں میں کیڑے پڑنے کی رقت آمیز دعائیں کیا کرے گی۔۔۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :