Live Updates

وفاقی حکومت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، جنگی جرائم کے عالمی عدالتوں میں مقدمات درج کروائے،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا مطالبہ

پیپلزپارٹی جمو ں وکشمیر کی ممکنہ تقسیم کشمیر کے تمام فارمولوں کو پائوں تلے روند کر ناقابل تسخیر وحدت کا وجود قائم رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، شوکت جاوید میر

ہفتہ 20 نومبر 2021 13:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نے وفاقی حکومت سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں کی بھارتی قابض افوا ج کی دہشت گردی سے بڑھتی ہوئی خون ریزی ، کریک ڈائون ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیخلاف انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں مقدمات درج کروانے کا پرزور مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ دونوں اطراف کی کشمیری قیادت پر مشتمل قومی کشمیر کانفرنس وزیراعظم پاکستان طلب کرکے باہمی اعتماد اور مشاورت سے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنے کے بعد قومی اسمبلی سینٹ کا مشترکہ اجلاس صرف مقبوضہ جموں وکشمیر میں قتل و غارت دنیا کے طویل ترین لاک ڈائون ، پیلٹ گن کے استعمال اور دیگر مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے طلب کرکے غیر ملکی سفیروں ، عالمی میڈیا کو مدعو کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ و امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی قتل و غارت اور بدترین مظالم پر اپنے شدید ردعمل میں کیا ، انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نیازی پہلے ہی بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ایجنٹ کلبوشن یادو کو نہتے عوام کے خون میں رنگے ہوئے ہاتھ صاف چشموں کے تازہ پانی سے صاف کرکے دلہے کے روپ میں سجا کر بھارت کے حوالے کرنے کا سارا اہتمام کر چکے ہیں ، پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی متفقہ قومی کشمیر پالیسی کے مطابق ریاست جمو ں وکشمیر کی ممکنہ تقسیم کشمیر کے تمام فارمولوں کو پائوں تلے روند کر ناقابل تسخیر وحدت کا وجود قائم رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جس کشمیر کی آزادی کے لئے 1 ہزار سال تک جنگ لڑنے اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون بہے گا کے عزم پر قائم رہتے ہوئے ہمارا نعرہ سب پے بھاری ، رائے شماری رائے شماری پر پوری قوم کو متحد و متفق کردیا ہے ، سب سے پہلے بھارت سے آزادی کا حصول لازم ہے ، جہاں کشمیری اپنے سروں کی فصلیں کٹوا کفن کا لباس زیب تن کررہے ہیں خواتین کی آبرو ریزی ، نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں شہید کرکے دہشت گرد ثابت کرنے والے بھارت کا وجود قائم رہنا مشکل ہوگیا ہے ، کیونکہ خود رو پودوں کی طرح اگنے والی تحریک آزادی کشمیر نہ تو مذہبی جھگڑا ہے نہ زمینی تنازعہ اور قطعی طور پر علیحدگی کی بھی تحریک نہیں بلکہ یہ آزادی کی تحریک ہے جس کا وعدہ پنڈت جواہر لعل نہرو نے بھی کررکھا ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کا حق خودارادیت دلوانا دنیا بھر کے پرانے حل طلب مسائل میں یک از ہے ، شوکت جاوید میر نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان دیر پا امن اور باوقار مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہے ورنہ دونو ں ایٹمی ممالک کے درمیان تنائو او ر کشیدگی بڑھتی جارہی ہے اگر اس ڈیڈ لاک پر توجہ نہ دی گئی تو اڑھائی ارب انسانوں کی زندگیوں پر موت کے بادل منڈلاتے رہیں گے ، تاہم بہادر افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی بہترین حکمت عملی امن کی خواہش کی بناء پر ابھی تک بھارت اپنے بھیانک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا ، حالانکہ اس نے کئی بار سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں بھی دے رکھی ہیں ، پاکستانی کشمیری قوم بہادر افواج کے شانہ بشانہ مملکت خداداد پاکستان کے دفاع اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ نچھاور کرنے کے لئے اپنی نسل نو کو بھی تیار کر چکی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات