Live Updates

کابینہ کا سزا یافتہ شخص سے ملنے لندن جانا پاکستان کی توہین ہے، عمران خان

مریم نواز اور بڑا بھائی فوج کے خلاف بیان دیتا ہے اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، شہباز شریف شرم کرو، میں نے جس میر جعفر کا ذکر کیا وہ تم ہو ، زر داری تم نے سندھ کو لوٹا، ظلم کیا اور جہاز بھر بھر کے پیسے ، ڈالرز باہر بھیجے، سندھ کو زرداری سے آزاد کراؤں گا،بھارت نے ڈس انفارمیشن لیب بنا کر فوج اور عمران خان کو نشانہ بنایاجس نے پاکستان پر تنقید کی، پاکستانی فوج اور مجھے نشانہ بنایا، میرے دور میں نریندر مودی کی جرات نہیں تھی کہ ہماری فوج کے خلاف بات کرتا،پی ٹی آئی اور فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، جلسے سے خطاب پورا پاکستان پانی کے لیے ترس رہا ہے، ہندوستان کہتا ہے کہ پانی کے مسئلے پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، شاہ محمود قریشی کسی امپورٹڈ حکومت اور چیری بلاسم کو ہم نہیں مانتے، آج پاکستان میں ان ڈاکوں کو این آر او 2 دیا جارہا ہے، فواد چوہدری

منگل 10 مئی 2022 22:45

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اربوں روپے کرپشن کیسز میں مفرور شخص نواز شریف کی طلبی پر وفاقی کابینہ لندن جارہی ہے ،جوملک کی توہین ہے ، مریم نواز اور بڑا بھائی فوج کے خلاف بیان دیتا ہے اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، شہباز شریف شرم کرو، میں نے جس میر جعفر کا ذکر کیا وہ تم ہو ، زر داری تم نے سندھ کو لوٹا، ظلم کیا اور جہاز بھر بھر کے پیسے ، ڈالرز باہر بھیجے، سندھ کو زرداری سے آزاد کراؤں گا،بھارت نے ڈس انفارمیشن لیب بنا کر فوج اور عمران خان کو نشانہ بنایاجس نے پاکستان پر تنقید کی، پاکستانی فوج اور مجھے نشانہ بنایا، میرے دور میں نریندر مودی کی جرات نہیں تھی کہ ہماری فوج کے خلاف بات کرتا،پی ٹی آئی اور فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے کہا تھا اقتدار سے نکلوں گا تو زیادہ خطرناک ہوں گا، ادھر تو میں بند تھا سارا دن آفس میں رہ کر وزن بھی بڑھ گیا، انتظار میں تھا کہ عوام میں واپس جاؤں، سارے مل کر بھی تحریک انصاف کے مقابلے میں مینار پاکستان پر چھوٹا سا بھی جلسہ نہ کرسکے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈس انفو لیب نے پاکستانی فوج اور مجھے نشانہ بنایا، ڈونلڈ لو امریکی انڈرسیکرٹری ہمارے سفیر کو بلاکر تکبر میں حکم دیتا ہے کہ عمران خان کو عدم اعتماد میں نہ ہٹایا تو پاکستان پر مشکل وقت آئیگا، ڈونلڈ لو کہتا ہے کہ اگر عمران خان کو ہٹا دیا تو سب معاف کردیا جائیگا، پھر ساری سازش ہوتی ہے یہاں کے میر جعفر اور میرصادق اس میں شرکت کرتے ہیں، 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو سازش کے تحت نکالا جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ تیس سال سے جو بڑے ڈاکو اس ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو مسلط کیا جاتا ہے، اس سب میں اللہ کرم کرتا ہے اور قوم کو بیدار کردیتا ہے، خودداری جگا دیتا ہے، ہماری خودداری کو کرپٹ لیڈروں نے ختم کردیا تھا، 26 سال سے قوم کی خودداری کو جگانے کی کوشش کررہا تھا، آج پاکستان کو ایک قوم بنتے دیکھ رہا ہوں یہ اللہ کا بڑا کرم ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف اور اس کی بیٹی فوج کو برا بھلا بول رہی ہے ، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے ، میرا نام ای سی ایل میں ڈالو ، تم شہبازشریف کہہ رہے ہو کہ عمران خان فوج کے خلاف بات کررہا ہے نوازشریف بھارت گیا تو حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی ، میرے دور میں نریندر مودی کی جرات نہیں تھی کہ ہماری فوج کے خلاف بات کرتا، کبھی نوازشریف اور شہبازشریف کے منہ سے کشمیر کی بات سنی میں نے روس کے صدر سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل خریدنے کی بات کی، روس 30 فیصد کم قیمت پر تیل اور گندم دینے پر تیار ہوگیا تھا، شہبازشریف کیا تم میں جرات ہیکہ روس سے گندم تیل خریدنے کی بات کرو ان کا کہنا تھا کہ امریکا بھارت کو کچھ نہیں کہتا کیونکہ ان کی خارجہ پالیسی آزاد تھی ، پیسے کے غلام کبھی قوم کے لیے نہیں کھڑے ہوئے ،ایک ذوالفقار علی بھٹو کھڑے ہوئے تو سب اسے کے خلاف ہوئے اور پھانسی دی گئی، ساڑھے تین سال میں سب سے زیادہ شرم تب آئی جب باہر جاکر دوست ممالک سے قرض مانگنا پڑا، میں نے کبھی غیروں سے پیسے نہیں مانگے ، انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکالا تھا اس لیے باہر سے پیسے مانگنے پڑے،اس سے شرمناک بات نہیں کہ ملک کا سربراہ کسی سے قرض مانگے ،ماں باپ بھی اس اولاد کی عزت کرتے ہیں جو خود دار ہو ،کس نے ہمیں مقروض کیا ، 30 سال سے یہ دو خاندان حکومت کررہے ہیں، جب کہتے ہو بھکاری ہیں تو ہمیں بھکاری بنایا کس نے کون اس ملک سے پیسا باہر لے کر گیا ہے یہ ڈاکو ملک سے منی لانڈرنگ کرکے پیسا باہر بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار میں آگئے اور اب عہدوں کی بندربانٹ ہورہی ہے ، میں سمجھتا تھا کہ فضل الرحمان تعلیم کی وزارت سنبھالیگا لیکن اس نے تو وزارت مواصلات سنبھال لی جس میں پیسا ہے ، ایان علی کو بھی اسی اکاؤنٹ سے پیسے جارہے تھے جس سے بلاول کو ، جو کیسز میں مفرور ہے اس نے تمام کابینہ کو لندن بلا لیا ہے، یہ لندن آپ کے پیسے پر جارہے ہیں یہ اپنے پیسے خرچ نہیں کر رہے،شہبازشریف جو میں میر جعفر کہتا ہوں وہ تم ہو۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف شرم کرو، شریف کرپٹ خاندان کو مشرف نے باہر بھیجا تو معاہدہ کرکے بھیجا، شریف خاندان جھوٹ بولتا رہا کہ معاہدہ کرکے نہیں گئے،نواز شریف کے بچے، جائیداد اور کاروبار سب باہر ہے، شہبازشریف نے آتے ساتھ ہی کہا بھارت سے دوستی کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف جو تمھیں لے کر آیا اس نے حکم دیا ہے کہ بھارت سے دوستی کرو، وعدہ ہے سندھ کو میں نے آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے، آصف زرداری تم اور تمہارا بیٹا تیار ہوجاؤ میں سندھ آرہا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم شہیدوں، غازیوں اور محافظوں کا شہر ہے، یہاں کے لوگ بتائیں کہ مراسلہ جھوٹا ہے یا سچا، شہباز شریف آج تمھیں عمران خان کے چرنوں میں بیٹھ جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر مراسلے میں سچائی نہیں تھی تو امریکی سفیر کے سامنے احتجاج کیوں کیا گیا، سازش تو نہیں تھی مداخلت تھی اور مداخلت کے ساتھ دھمکی بھی تھی، اس دھمکی کے خوف پر مبتلا ہوکرتم نے امریکی حکم پر عمل کیا مگر قوم کسی بیرونی دھمکی سے خوف زدہ نہیں ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ یہ مراسلہ وزارت خارجہ میں بھرا گیا، جس کابینہ کا تم حصہ ہو تو کیوں انکوائری کمیشن کا اعلان کیا، امپورٹڈ وزیرخارجہ سے پوچھتا ہوں آج مسجد اقصیٰ پر حملہ ہوا کیا تم نے کوئی بیان دیا اور نہ مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان پانی کے لیے ترس رہا ہے، ہندوستان کہتا ہے کہ پانی کے مسئلے پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، ہماری وزیر مملکت حنا ربانی کھر ایک لفظ ادا نہیں کرتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں گندم اور آٹے کا بحران آنے والا ہے، اس بار ہماری حکومت سے 3 ملین ٹن پیدوار کم ہے، عمران نے روس سے زیادہ گندم خریدنیکا بندوبست کیا مگر امپورٹڈ حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے، ان کی حکومت میں بجلی کے نرخ بڑھ گے، مہنگائی بڑھ گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ 25 لوٹے (منحرف اراکین) عنقریب فارغ ہونے والے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مختلف طریقوں سے ملک کی خدمت کرتے ہیں، یہاں کے لوگ پاکستان کی بنیادوں میں اپنا لہو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جہلم کو دو رویا سڑک اور نہر کا تحفہ دیا مگر آج جہلم کے لوگ عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ وہ حرمت رسول ؐ کیلئے کھڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتدار اعلی کا فیصلہ واشنگٹن نہیں پاکستان کے لوگوں نے کرنا ہے، عمران خان ہماری امید ہیں اور عوام کا نمائندہ عمران خان ہیں، عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، کسی امپورٹڈ حکومت اور چیری بلاسم کو ہم نہیں مانتے، آج پاکستان میں ان ڈاکوں کو این آر او 2 دیا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کے لیے کوئی ایک بھی چہرہ موجود نہیں، اب ایوان لرز جائیں گے اور راج کرے گی خلق خدا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات