Live Updates

الیکشن ٹربیونلزمیں کاغذات کے منظوریامستردہونے کے خلاف اپیلوں پرسماعت مکمل

نوازشریف کے این اے 130، شہبازشریف کے این اے 132، مریم نواز کے این اے 119سے کاغذات منظوری سے متعلق فیصلہ محفوظ

منگل 9 جنوری 2024 20:50

لاہور/پشاور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2024ء) الیکشن ٹربیونلزمیں کاغذات منظوریامسترد کرنے کے خلاف اپیلوں پرسماعت مکمل ہوگئی ، متعدد سیاستدانوں کے منظور اور مسترد ہونے کے فیصلے سنا دیئے گئے لیکن متعد نامور سیاسی شخصیات کے کاغذات کی منظوری یا مستردہونے کے حوالے سے فیصلے آج ( بدھ ) کے روز سنائے جائیں گے۔ الیکشن ٹریبونل نوازشریف کے این اے 130، شہبازشریف کے حلقہ این اے 132، مریم نواز کے حلقہ این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیاہے جو کہ (آج)بدھ کے روز سنایا جائے گا ۔

ان کے علاوہ چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ بھی آج بدھ کے روز سنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹریبونل نے تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور رہنما شیر افضل مروت کے این اے 32 پشاور سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں ، ایپلیٹ ٹریبیونل پشاور ہائیکورٹ میں شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی امیدوار کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی گئی۔ایپلیٹ ٹریبیونل لاہور ہائیکورٹ میں عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ ایپلیٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 71 سیالکوٹ سے ریحانہ ڈار کی اپیل منظور کرلی۔پی ٹی آئی امیدوار رانا جمیل حسن ، قصور کے صوبائی حلقے سے پی ٹی آئی کی ناصرہ میو، این اے 131 سے مقصود احمد کی اپیلیں بھی منظور کرلی گئیں۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی اپیل پر سماعت کی۔ ٹربیونل نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی احکامات پر پولیس فواد کو الیکشن ٹربیونل کے گیٹ تک لائی لیکن پیش کیے بغیر واپس اسلام آباد لے گئی۔جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ یہ کیا ڈرامہ ہے فواد کو ہائی کورٹ گیٹ سے کیوں واپس لے گئے۔ عدالت نے فواد چوہدری اپیلوں کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پنڈی میں ہی الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی امیدوار ظفر علی شاہ کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں۔پشاور کے الیکشن ٹریبیونل نے پی ٹی آئی کے عبدالسلام آفریدی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ اپیلیٹ ٹربیونلز نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی، شیرافضل مروت کی اپیلیں بھی منظور کرتے ہوئے ان کے کاعذات نامزدگی درست قرار دے دئیے گئے۔

سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل سے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف ایم کیو ایم کے رہنما حسان صابر کی درخواست مسترد کردی۔درخواست گزار کی وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا ہے۔جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں وہ قانون بتایا جائے جس میں کاغذاتِ نامزدگی کا تعلق انتخابی نشان سے ہو۔الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے بیٹوں حسنین مرزا اور حسام مرزا کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات