سندھ سے کینال نکالنے کے معاملے میں آصف زرداری شہباز شریف کے ساتھ کھڑا ہوا ہے،ڈاکٹرقادرمگسی

شہبازحکومت بلاول کے کندھوں پر قائم ہے، کینال نکالے گئے تو دریائے سندھ خشک ہوجائے گا، پیپلز پارٹی اگر کینالوں کے خلاف ہے تو قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کیوں نہیں کرتی،چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی

جمعرات 30 جنوری 2025 21:10

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2025ء)سندھ ترقی پسند کے پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے معاملے میں آصف زرداری شہباز شریف کے ساتھ کھڑا ہوا ہے، شہبازحکومت بلاول کے کندھوں پر قائم ہے، کینال نکالے گئے تو دریائے سندھ خشک ہوجائے گا، پیپلز پارٹی اگر کینالوں کے خلاف ہے تو قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کیوں نہیں کرتی، پاکستان لاہور، فیصل آباد، مردان یا پشاور کی وجہ سے نہیں بلکہ کراچی کے سمندر کی وجہ سے زندہ ہے، کراچی کی بندرگاہ حکمرانوں کو آکسیجن فراہم کررہی ہے، دریائے سندھ ہماری شہہ رگ ہے، 6 کروڑ لوگوں کی زندگی دریائے سندھ سے وابستہ ہے جس سے چیڑ چاڑ کی گئی تو سخت نتائج برآمد ہونگے، دریائے سندھ ہمیں وفاق یا زرداری نے نہیں بلکہ قدرت کی طرف سے ملا ہوا ہے، ہزاروں سالوں سے سندھو کی لہروں سے ہمارے جسم میں خون گردش کررہا ہے، دریائے سندھ سے کسی صورت کینال نکالنے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے حبیب چوک پر منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور پنجاب ہمارے پانی کو میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں 40 سالوں سے کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، جنرل ضیاء نے کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی لیکن سندھ کے عوام نے ان کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا، میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے بعد اعلان کیا کہ اب میں کالاباغ ڈیم کی صورت میں ایک اور دھماکہ کروں گا لیکن عوام نے ان کے تکبر کو ختم کیا اور انہوں نے اپنا اعلان واپس لیا پھر ایک وردی والا مشرف آیا جو لیفٹ رائٹ کرکے کالا باغ ڈیم بنانے کی باتیں کررہا تھا ہم نے اس کا گھیراؤ کیا اور وہ بھاگ گیا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کس کے کہنے پر دریائے سندھ سے کینال نکال رہا ہے جب ڈیم نہیں بن سکا تو اب کینال نکال کر سندھ کا پانی چوری کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ملک میں اس وقت بھوک، بدحالی، مفلسی، بیروزگاری، بجلی، گیس، امن و امان کے مسائل موجود ہیں جن کو حل کرنے کے بجائے کینال نکالنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی اور خودمختیاری پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے یہ ہمارا پانی بند کرکے ہمیں مارنا چاہتے ہیں، 6 کروڑ لوگوں کو پانی بند کرنے سے ملک نہیں چل سکتا یہ کیسے عقلمند ہیں جو عوام دشمن فیصلے کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے فیصلوں کے پیچھے حوس، لالچ، ظلم و جبر ہے لیکن حکمرانوں کو یاد رکھنا ہوگا کہ سندھ کے عوام اپنی دھرتی کی بقا و سالمیت کے لیے آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ طاقتور ہیں لیکن طاقتور خدا ہے اور اس کے بعد غریب عوام طاقتور ہے، پنجاب کی زمینوں کی آباد کرنے کے لیے سندھ کو بنجر بناکر قبرستان بنانے کی سازش کی ہورہی ہے، ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ کروڑوں لوگ بھوک سے مررہے ہیں، لاکھوں لوگ بے گھر ہیں، سندھ میں تعلیم، صحت، امن و امان سمیت بنیادی سہولیات میسر نہیں اور حکمران دبئی، امریکہ اور برطانیہ میں اپنے محل بنارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کارپورٹ فارمنگ کے ذریعے ہاریوں کو زمینوں سے بے دخل کیا جائے گا، حکمران سندھ میں کمپنی کی سرکار قائم کرکے سندھ کے عوام کو غلام بنانا چاہتے ہیں سندھ کو بچانے کے لیے ہمیں لمبی تحریک چلانا ہوگی اور عوام کو اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کا تیل، گیس اور کوئلہ پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں روشنیاں پیدا کررہا ہے، ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے، بلوچستان میں قومی ترانہ پیش کرنا مسئلہ بن چکا ہے کے پی کے میں لوگ شام کے وقت گھروں سے نکل نہیں سکتے سندھ ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے، سندھ کے لوگوں کو جانوروں کی طرح اغوا کیا جارہا ہے بدامنی کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکمران ملک کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، سندھ کے عوام کو اپنے مستقبل کے لیے نکالنا ہوگا۔