Live Updates

حکومت اورپیپلزپارٹی میں اتفاق ہوگیا کہ مکمل اتفاق رائے کے بغیر نہریں نہیں بنائی جائیں گی

دو مئی کے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کی جائے گی، سندھ طاس معاہدے کا کیس عوامی سطح پر اٹھائیں گے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 اپریل 2025 21:58

حکومت اورپیپلزپارٹی میں اتفاق ہوگیا کہ مکمل اتفاق رائے کے بغیر نہریں ..
کراچی / اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 اپریل 2025ء ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وفود کے غوروخوص کے بعد اہم فیصلہ لیا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے کے بغیر نہریں نہیں بنائی جائیں گی۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی اور اس ملاقات کے بعد چیئرمین پی پی پی اور وزیراعظم نے اس ملاقات کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دونوں وفود کے غوروخوص کے بعد اہم فیصلہ لیا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے کے بغیر نہریں نہیں بنائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

دو مئی کے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس ملاقات کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی کہ کوئی نہر نہیں بن رہی۔ کالا باغ ڈیم کے خلاف تین صوبوں نے اعتراض کیا اور آج ہم مل کر فیصلہ لے رہے ہیں کہ نہریں اتفاق رائے کے بغیر نہیں بنیں گی۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے متعلق اعلانات کی ہم مذمت کرتے ہیں اور عوامی سطح پر انڈس کا کیس اٹھائیں گے اور بھارت کے فیصلے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔یاد رہے اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیرآبپاشی نے وفاق کے نمائندگان سے ملاقات کی، جس میں مئوقف پیش کیا، وزیرآبپاشی نے انڈس ریور سسٹم کا ریکارڈ وفاق کے نمائندگان کے سامنے پیش کیا۔

مزید برآں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوے اسی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، معاہدہ کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات