بھارتی جنگی جنون قابل مذمت ، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کے دفاع کیلئے افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،چودھری جعفراقبال

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پوری قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی،ٹھوس اقدامات کا اعلان کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، عشرت اشرف

اتوار 4 مئی 2025 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنما و سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی و سینیٹر چودھری محمد جعفراقبال نے جاری بیان میں کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پوری قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے اورٹھوس اقدامات کا اعلان کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے،افواج پاکستان کا ایک ایک سپاہی جذبہ شہادت سے سرشار اور اسے پوری قوم کی بھرپور حمایت حاصل ہے،بھارت نے جنگ مسلط کی تو اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

مسلم لیگ(ن)کی رکن صوبائی اسمبلی بیگم عشرت اشرف نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی مخلصانہ ،شبانہ روز کاوشوںکا ثمر ہے کہ پاکستان درپیش مسائل سے چھٹکارا حاصل کررہاہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ملکی ترقی وعوامی خوشحالی کی منزل قریب تر ہوتی جا رہی ہے،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف عوام خدمت کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں،عوامی پذیرائی کی بدولت آج مسلم لیگ(ن) وفاق اور پنجاب میں برسراقتدار ہے،قوم کے اس بھروسے کو ٹوٹنے نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ئوں نے مزید کہاکہ بھارتی جنگی جنون قابل مذمت اور باعث تشویش ہے ،مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کا واقعہ پلائنٹڈ تھااسی لئے بھارتی حکومت نے بغیر تحقیق اور ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا کر چڑھائی شروع کرکے اعلان جنگ کردیا ہے لیکن اسے علم نہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس نے اس سے بڑھ کر کچھ غلطی کی تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا،اگر انڈیا اقوام متحدہ کے تحت طے پانے والے پانی کی تقسیم کے معاہدے کی پاسداری نہیں کرتاتووہ اقوام متحدہ سے رجوع کریں اور تب تک پاکستان بھی شملہ سمیت دیگر دوطرفہ معاہدے کو فوری ختم اور نمک کی فراہمی بندکردے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اس لئے مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کے نوجوان افواج پاکستان کے ساتھ رضاکارانہ خدمات دینے کو تیار ہیں۔فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ حکومت عوام کو ہر سطح پر ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،مہنگائی میں کمی اولین ترجیح ہے،حکومت نے تمام سیکٹرز کو فعال بنانے کیلئے مربوط اصلاحات متعارف کرائی ،حکومت عوام پر کوئی اضافی بوجھ ڈالنے کاقطعی ارادہ نہیں رکھتی، مہنگائی میں اضافے کی افواہیں اڑانے والے عوام کو ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں ان کے مذموم عزائم سے حکومت آگاہ ہے جو مکلی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دی گی۔