Live Updates

مودی کا بیان امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ،پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کر دیا

جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا سراسرجھوٹ ہے،پاکستان دوست ممالک کی کوششوں سے ہونے والے سیزفائرکا احترام کرتا ہے،مودی کی تقریر غلط بیانی، سیاسی موقع پرستی اور عالمی قانونی کی نفی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 13 مئی 2025 17:30

مودی کا بیان امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ،پاکستان نے بھارتی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 مئی 2025)مودی کا بیان خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ،پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کر دیا،ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے،جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑناسراسر جھوٹ ہے۔

مودی کی تقریر کشیدگی کو خطرناک حد تک بڑھانے کے مترادف ہے۔ مودی کی تقریر غلط بیانی، سیاسی موقع پرستی اور عالمی قانونی کی نفی ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بھارتی وزیر اعظم کے گزشتہ روز دئیے گئے اشتعال انگیز اور جھوٹ پر مبنی بیانات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ ایسے وقت میں جب عالمی برادری خطے میں امن اور استحکام کیلئے کوشاں ہے یہ بیان ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی، اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر اعظم کے بیانات سیاسی موقع پرستی کے عکاس اور خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔پاکستان دوست ممالک کی کوششوں سے ہونے والے سیزفائرکا احترام کرتا ہے تاہم بھارتی روئیے پر نظر ہے۔شفقت علی خان نے کہا کہ یہ بیان ایسے جعلی بیانیے گھڑنے کی بھارتی روش کا عکاس ہے جنہیں جارحیت کو جواز دینے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

پاکستان حالیہ سیزفائر مفاہمت پر عمل درآمد اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات پر کاربند ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ جنگ بندی کئی دوست ممالک کی سفارتی کوششوں سے ممکن ہوئی۔پاکستان کومایوسی اور شکست خوردگی کا شکار قرار دینا بھارت کا ایک اور صریح جھوٹ ہے۔دفتر خارجہ کااپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر مایوسی اور ناکامی میں سیز فائر مانگنے کا الزام سراسر جھوٹ ہے۔

پاکستان کو مایوسی اور شکست خوردگی کا شکار قرار دینا بھارت کا ایک اور صریح جھوٹ ہے۔پاکستانی شہریوں پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگا کر بھارت نے بلا جواز اور غیر قانونی جارحیت کا مظاہرہ کیا اس کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا لیکن بھارت نے اس کے جواب میں پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کشیدگی کو مزید بڑھا دیا جس سے پورے خطے کو خطرناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا انسداددہشت گردی میں کردار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پہلگام حملے کا الزام، بغیر کسی ٹھوس شواہد کے پاکستان پر ڈالنا بھارتی سازشی روش کا تسلسل ہے تاکہ فوجی مہم جوئی کو جواز دیا جا سکے۔

داخلی سیاسی مقاصد حاصل کئے جائیں۔ اقلیتوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت انگیزی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے ایک مصنوعی بیرونی خطرے کا ڈھونگ رچایا جا سکے۔بھارتی اقدامات ایک خطرناک مثال قائم کر رہے ہیں جو جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔بھارت اپنی کارروائیوں اور عورتوں و بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل کو نارمل قرار دے کر خطے کے امن کو دائمی خطرے میں ڈال رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات