ہم ہائی ٹیک کھلونے صرف خریدتے ہی نہیں استعمال کی تربیت بھی دیتے ہیں، حنا ربانی کھر کا بھارتی فضائیہ پر طنز

قومی اسمبلی اجلاس میں افواج پاکستان کے کردار کو سراہا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’سرٹیفائیڈ دہشت گرد‘ قرار دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 13:01

ہم ہائی ٹیک کھلونے صرف خریدتے ہی نہیں استعمال کی تربیت بھی دیتے ہیں، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) رکن قومی اسمبلی اور سابقہ وفاقی وزیر حنا ربانی کھر نے بھارتی فضائیہ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہائی ٹیک کھلونے صرف خریدتے ہی نہیں بلکہ انہیں استعمال کرنے کی تربیت بھی دیتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی نے افواج پاکستان کے کردار کو سراہا، اس موقع پر اراکین کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’سرٹیفائیڈ دہشت گرد‘ قرار دیا گیا اور خبردار کیا کہ مودی سیاسی فائدے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے کیوں کہ اس کی سیاست لاشوں پر پروان چڑھ رہی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اطہار کیال کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت نے عقل سے عاری قدم اٹھایا، پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا لیکن ہمارے صبر کو کمزوری سمجھا گیا، پاکستان کی صلاحیتوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا لیکن افواج پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں ثابت کردیا، دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے نام پر سرحد پار حملوں کو جواز بنانا خطرناک نظیر بنے گا، اگر ایسی دلیل کو قبول کیا گیا تو پاکستان بھی بھارت میں کارروائیوں کا جواز دے سکتا ہے جہاں ہمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پہلگام واقعے سے متعلق کہا کہ بھارت نے اس حملے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملوں کا آغاز کیا، اگر پاکستان میں دہشت گردی کا واقعہ ہوجائے تو ہمیں کیا کرنا چاہیئے؟ اگر ایسا ہے تو جعفر ایکسپریس حملے جیسے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر جوابی کارروائی میں پاکستان بھی بھارت پر حملہ کرسکتا ہے، کیا آپ سب اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے پیرا میٹر کے پابند نہیں رہے؟ کیا اب ہم آرٹیکل 25 کا حصہ نہیں رہے جو کہ تمام ملکوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو برقرار رکھنے کا پابند کرتا ہے؟۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کیا دنیا سے توقع کی جاتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم کے یکطرفہ اعلانات اور دعوؤں کے بعد نریندر مودی کو خراج تحسین پیش کرے؟ بھارتی بیانیہ دنیا کو نظر آنا شروع ہوگیا ہے اور اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر کو متنازع تسلیم کرلیا ہے، بھارت پچھلے 15 سالوں سے سفارتی طور پر خود کو پاکستان سے الگ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن بھارتی حکومت کی یہ حکمت عملی ناکام ہوگئی، اس نے دنیا کے سامنے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام ہوگیا، بھارت اگر دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے میں سنجیدہ ہے تو اُسے مذاکرات سے دور نہیں بھاگنا چاہیئے۔