Live Updates

پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں 16مئی کو یوم تشکر منانے کا اعلان

امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر بارے پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

بدھ 14 مئی 2025 22:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)پاکستان علما کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں اور تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ جمع المبارک کو آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کی فتح پر یوم تشکر منائیں گے ۔ امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے اسی طرح قائدانہ کردار ادا کریں جس طرح شام سے پابندیوں کے خاتمے کیلئے کیا ہے۔

ہمیں امید ہے کہ امت کے ان مسائل کے حل کیلئے امیر محمد بن سلمان امریکی صدر کے ساتھ مل کر قائدانہ کردارادا کرسکتے ہیں۔ معرکہ حق نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔ ہندوستان اور اسرائیل مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانے کی سازش کررہے تھے جسے افواج پاکستان نے ناکام بنا دیا ۔

(جاری ہے)

ایمان ،تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ پر یقین رکھنیو الی افواج پاکستان نے مکار ، عیار اورسفاک دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، عبرتناک شکست سے دوچار دشمن عالمی برادری سے سیز فائر کی بھیک مانگتا نظر آیا ۔

ہم جارح نہیں ، امن کے خواہاں ہیں لیکن ہندوستان نے امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھ لیا تھا جسے عبرتناک سبق سکھایا جا چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علما و مشائخ کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان علما کونسل کے قائدین مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مکار، عیار، سفاک ،بزدل اور دہشت گرد دشمن کے خلاف پاکستان کو فاتح بنایا ۔ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے ثابت کیا کہ وطن کا دفاع الحمدللہ مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ہندوستان نے پہلگام واقعہ کے بعد کو الزام تراشی کا سلسلہ شروع کیا ہماری قیادت نے ہر سطح پرآزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا یہی پیغام عالمی برادری ، اسلامی ممالک کوبھی دیا ۔

ہندوستان نے جب یہ دیکھا کہ اس بار عالمی برادری بھی اس کیموقف سے متفق نہیں ہے تو ہندوستان اور اسرائیل نے مل کر پاکستان پر حملے کی سازش کی لیکن پاکستان کا دفاع، سلامتی اور استحکام اس فوج کے ہاتھ میں ہے جس کا نصب العین ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ہر افسر اور جوان شہادت پر یقین رکھتا ہے ۔وقت نے ثابت کیا کہ مکار دشمن جسے رافیل اور ایس 400 کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر بڑا غرور تھا پاکستان کی مسلح افواج نے اللہ کی مدد سے چند گھنٹوں میں ہندوستان کے اس سارے غرور کو خاک میں ملا کر رکھ دیا۔

ہندوستان عبرتناک شکست سے دوچار ہوا اور عالمی برادری کیسامنے سیز فائر کی بھیک مانگتا نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ امن پسند قوم ہین ہندوستان جارح اور دہشت گرد ملک ہے ،پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص اپنے دفاع میں کیا اور دشمن پر واضح کردیا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ رسول اکرمؓ کے فرمان کے مطابق ہم جنگ کی تمنا نہیں کرتے ، لیکن اگر جنگ مسلط ہوجائے تو ویسا ہی جواب دیتے ہیں جیسا ہم نے ہندوستان کو دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ ، سعودی ، ترکی کی جانب سے سیز فائر کی بات کو قبول کیا ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،سپہ سالار قوم ، نیوی اور فضائیہ کی سربراہان اور سلامتی کے اداروں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کے مدارس و مساجد ، تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ اس عظیم فتح پر جمعہ المبارک کو پورے ملک کے اندر معرکہ حق کی کامیابی پر یوم تشکر منائیں گے۔

خطبات جمعہ سورہ فتح کی روشنی میں اس عظیم فتح پر دئیے جائیں گے۔ اس عظیم فتح کی بدولت کشمیر کا مسئلہ دوبارہ بین الاقوامی ٹیبل پر آگیا ہے۔ امریکی صدر یہ بات کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہم کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ ہندوستان اور اسرائیل نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانے کی کوشش کی جسے افواج پاکستان نے ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ریاض میں امریکی صدر کشمیر و فلسطین کی بات کررہے ہیں ، ہندوستان اور پاکستان کی بات کررہے ہیں، سعودی عرب کی قیادت یہ بات سمجھتی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشمیر کور ایشو ہے جس کا حل خطے کے امن کیلئے ضروری ہے۔ فلسطین اور کشمیر عالم اسلام کے دو ایسے زخم ہیں جن سے مسلسل خون بہہ رہا ہے ، ان پر اب مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے۔ پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات سے کبھی راہ فرار اختیار نہیں کی۔ اب وقت آگیا ہے کشمیر و فلسطین کے مسلئے حل ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات