Live Updates

بھارت نے جب بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،رانا مبشر اقبال

اتوار 18 مئی 2025 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) وفاقی وزیر پبلک افیئرز رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا تھپڑمارا جسے مودی ساری زندگی یاد رکھے گا،عظیم فتح ملنے پر وزیر اعظم ، سپہ سالار اور پاک افواج نے تاریخ رقم کی،بھارت نے جب بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، انڈیا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کر سکتا، نو مئی والے پی ٹی آ ئی کے شرپسند عناصر کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاںخیابان امین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کو عظیم فتح ملی جس پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، سپہ سالار اور پاک افواج نے بہترین حکمت عملی اپنا کر تاریخ رقم کی،بھارتی طیارے رافیل کا کوئی متبادل نہیں لیکن پاک فوج نے نہ صرف بھارت کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ انڈیا جس پر مان کرتا تھاا ن رافیل طیاروں کو بھی سیکنڈز میں مار گرایا جس سے بھارت کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، رافیل کی ناکامی کے بعد ان کی مارکیٹ ویلیو ڈائون ہو گئی ہے، بھارت کے ایٹمی اثاثہ جات محفوظ نہیں لہذا اس کو ایٹمی طاقت نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی جس سے دنیا کو پتہ چلا کہ پاکستانی متحد اور حق و سچ کی بات کرتے ہیں، پاکستان نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور نہ کسی ثبوت کے بغیر الزام تراشی کی ہے مگر بھارت کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ وہ ہر بار اپنی سر زمین پر ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیتا ہے لیکن اس بار نہیں اور آئندہ بھی نہیں۔

رانا مبشر اقبال نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بین الاقوامی دہشت گرد ہے، یورپی ملک کینیڈا سے لے پاکستان( بلوچستان) تک سب جگہ پر دہشت گردی کرارہا ہے، خطے میں امن و امان کو خراب کرنے میں بھارت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے ، کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر نے والا بھارت آج چاروں شانے چت ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو بری طرح شکست دے کر پاک فواج کا مورال دنیا بھر میں بلند ہو چکا ہے ، آج ،تمام بین الاقوامی طاقتیں برملا کہتی ہیں کہ جس طرح پاک فوج نے بھارت کومنہ توڑ جواب دیا وہ کمال کا تھا،ایسا تھپڑ بھارت کو مارا کہ جسے مودی ساری زندگی یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ محمد نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی مدبرانہ سوچ اور پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت مودی دنیا میں تنہا ہوگیا، غلط پالیسی اپنا کر مودی نے خود کو نیست و نابود کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں اسرائیلی ڈرون کا استعمال کیا گیا جس میں اسرائیل دہشت گرد ناکام ہوئے۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ماضی میں بھی بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تھا اور اس بار تو پاک افواج نے بھارت کے منہ پر زناٹے دار دار طمانچہ مارا جب وہ باز نہ آ یا اور اپنے ڈرائونز کو جب پاکستان کی حدود میں بھیجا تو پاک افواج نے فضا میں ہی انہیں ناکارہ کر کے تباہ کر دیا ، بھارت نے نور خان ائیر بیس پر حملہ کیا تو پھر پاک فوج نے جواب دینے کا فیصلہ کیا، بھارت نے مساجد ،مدارس اور سکھوں کے ننکانہ صاحب کے مقدس مقامات پر حملہ کئے۔

سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ پر مکمل عمل کریں گے، بھارت یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ معطل نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدرٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت شروع کرنے کا کہا ہے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوگا اور سندھ طاس معاہدے پر بات نہیں ہوگی ،اس وقت تک بھارت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں رانا مبشرقبال نے کہا کہ جس طرح پوری پاکستانی قوم نے پاک بھارت جنگ کے دوران اتحاد کا مظاہرہ کیا اسی طرح ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ساری جماعتیں ایک پلیٹ فارم پراکٹھی ہوکر بات چیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے جن شرپسند عناصر نے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ،ا ن کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کا فیصلہ عدلیہ نے کرنا ہے اور عدالتیں جو بھی فیصلہ کریں گی وہ ہمیں قبول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ہمیشہ مثبت سیاست کو فروغ دیا ہے ، انتقامی سیاست کا پرچار ہماری بنیادوں میں شامل نہیں ہے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات