Live Updates

پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مزید شواہد منظر عام پر آگئے

28 مئی 2025 کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ خارجی گروہ علاقے میں موجود ہیں، دہشتگردوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں مارے گئے؛ آئی جی آزاد کشمیر

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 مئی 2025 15:18

پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مزید شواہد منظر عام پر آگئے
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) پاکستان میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی ریاستی دہشتگردی کے مزید شواہد منظر عام پر آگئے۔ آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے مطابق 17 اپریل 2025ء کو آزاد کشمیر پولیس نے دہشت گرد ڈاکٹر عبدالرؤف کے افغانستان میں موجودگی کے شواہد پیش کیے تھے، دہشت گرد ڈاکٹر عبدالرؤف کشمیری نوجوانوں کی جہاد کے نام پر ذہن سازی کرکے دہشت گردی پھیلا رہا ہے، دہشت گرد ڈاکٹر عبد الرؤف کو اس مقصد کے لیے غازی شہزاد (ٹی ٹی آر جے کے ) کی معاونت حاصل ہے، دہشت گرد ڈاکٹر عبدا لرؤف اور غازی شہزاد مل کر شریعت اور جہاد کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد ڈاکٹر عبد الرؤف اور غازی شہزاد کے اہداف میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے اندر سرکاری افسران، دفاتر ، عوامی اجتماعات اور اہم دفاعی تنصیبات شامل ہیں، اس بات کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں کہ کشمیری نوجوان افغانستان سے تربیت لے کر بھارتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کر تے ہیں، 27 اکتوبر 2024ء کو آزاد جموں و کشمیر میں پولیس چوکی پر کانسٹیبل سجاد کی ٹارگٹ کلنگ میں دہشت گرد زرنوش نسیم، اسامہ اسلم اور الفت علی اس واردات میں ملوث پائے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ یہ افراد فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے ہیں دہشتگرد ڈاکٹر عبدالرؤف اور غازی شہزاد کے اشارے پر دہشتگردی میں ملوث تھے، فتنہ الخوارج آزاد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی ایک نئی مہم شروع کرنے کا خواہاں ہے، سخت سکیورٹی کے باعث خوارج زرنوش نسیم ، الفت علی اور جبران کسی بھی ہدف کو ٹارگٹ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، گزشتہ چند ماہ سے خارجی زرنوش نسیم اور اس کے ساتھی افغانستان میں موجود دہشت گرد ڈاکٹر عبدالرؤف اور غازی شہزادہ سے رابطے میں رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 28 مئی 2025 کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ خارجی زر نوش نسیم اور اس کا گروہ علاقے حسین کوٹ میں موجود ہیں، اس اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے سکیورٹی اہلکاروں پر خود کار ہتھیاروں کی مدد سے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں تمام چاروں دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا، اس آپریشن کے دوران پولیس کے دو جوان شہید اور پانچ شدید زخمی بھی ہوئے، یہ کامیاب آپریشن آزاد جموں کشمیر پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت ، ہم آہنگی اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، بروقت کارروائی نے ناصرف ایک اہم دہشت گرد گروہ کا خاتمہ کیا بلکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنا کر علاقے میں امن کو برقرار رکھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات