ایران اسرائیل جنگ کے ہم پر ان ڈائریکٹ اثرات مرتب ہوں گے ، شگفتہ جمانی

جمعرات 19 جون 2025 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ کے ہم پر ان ڈائریکٹ اثرات مرتب ہوں گے ، ہماری معیشت دبائو میں آئے گی ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے شگفتہ جمانی نے کہا کہ ملک میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے حکومت نئے ڈیم ضرور بنائے، مگر پہلے سے موجود ڈیم آبادیوں کے فضلہ سے گندے نالوں میں تبدیل ہو رہے ہیں، پہلے ان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،ملک اس وقت سنگین اور مشکل صورتحال سے دوچار ہے،ہم ایک جنگ سے نکلے ہیں تو دوسری جنگ ہمارے سروں پہ مسلط کی جا رہی ہے،مشرقی سرحدوں کا موثر انداز میں دفاع کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہوں، انہوں نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے کہ وہ عرصہ دراز تک یاد رکھے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں ہے ہم صرف ملکی وقار بقا اور سلامتی کے لیے حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بغیر کسی عہدے کے ملکی وقار کے لیے جو کردار ادا کیا ہے میں ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ملک کی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ عالم اسلام کی جنگ لڑ رہا ہے ،ایران اسرائیل جنگ کے ہم پر ان ڈائریکٹ اثرات مرتب ہوں گے ، ہماری پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھیں گی اور ہماری معیشت دبائو میں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پانی اب صرف سندھ کا مسئلہ نہیں رہا پنجاب میں بھی پانی کی قلعت ہو رہی ہے ۔پانی کے نئے ذخائر ضرور بنائیں مگر پہلے سے موجود ذخائرمیں آبادیوں کا فضلہ ڈال کر انہیں گندے نالوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سولر پر ٹیکس لگانے سے غریب ادمی متاثر ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا یہ غریب بیوہ کو پنشن سے محروم نہ کیا جائے۔