سی پیک منصوبوں کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ، شہباز شریف نے چینی صدر اور چینی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 24 جون 2025 16:30

سی پیک منصوبوں کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون 2025)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور چینی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے آئندہ ایس سی اوسربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بتایا کہ اگست میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تذویراتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مالی اور اقتصادی تعاون پر چین کی قیادت کے مشکور ہیں جس کی بدولت پاکستانی معیشت مستحکم کرنے میں مدد ملی اور میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی۔ یہ معاونت حکومت کے سماجی اور اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کیلئے اہم ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہنا تھا کہ شاہراہ قراقرم، ایم ایل ون، گوادر پورٹ آپریشنل کرنے کے ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون اہمیت کا حامل ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی اور قطرکے سفیروں سے ملاقات بھی کی تھی۔وزیراعظم سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔

گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کیلئے کام کرتا رہے گا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا تھاکہ ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور سعودی عرب کے ولی عہد اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیاتھا۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان سے قطر کے سفیر نے ملاقات کی جس کے دوران شہباز شریف نے قطر پر حملوں کے بعد امیر قطر اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیاتھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے ملاقات میں امیر قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیاتھا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کے حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا تھا اور کہا کہ ہم قطری بہن، بھائیوں اور پورے خطے کی سلامتی اور تحفظ کیلئے دعا گو تھے۔وزیراعظم کایہ بھی کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد راستہ سمجھتے تھے۔