Live Updates

ایران کے معاملے پرپاکستان نے وا ضح موقف اپنایا ، جس پرتہران بھی شکرگزارہوا ‘ اسحاق ڈار

جمعہ 27 جون 2025 21:00

ایران کے معاملے پرپاکستان نے وا ضح موقف اپنایا ، جس پرتہران بھی شکرگزارہوا ..
اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر پاکستان نے وا ضح موقف اپنایا ، جس پر تہران بھی شکرگزار ہوا ۔ امر یکہ کے ساتھ اچھے تعلقات کا یہ مطلب نہیں کہ ہر غلط چیز میں بھی اسکا ساتھ دیں ۔ ہمیں پتہ تھا کہ ایران اپنے اوپر کئے گئے حملے کا بدلہ ضرور لے گا ۔یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا او آئی سی کانفرنس کامیاب رہی ، فورم سے فلسطین کے لئے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔

مشرق وسطی کی صورتحال پر او آئی سی اجلاس میں غور کیا گیا ۔ ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں ایران اسرائیل جنگ سمیت مختلف امور پر ملاقات ہوئی۔ ترکیہ کے صدر نے ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس پہلے سے طے شدہ تھا ۔ کانفرنس شروع ہونے سے پہلے ملتوی ہونے کی تجویز پیش ہوئی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش سے او آئی سی میں ایران کے معاملے پر خصوصی اجلاس ہوا ۔

جنگ سے متعلق سلامتی کونسل میں پاکستان سے جو کچھ ہو سکتا تھا وہ کیا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو نمائندگی کا کہا۔ ایران نے سلامتی کونسل میں سب سے پہلے پاکستان کے کردار کو سرہایا ۔ ایرانی پارلیمنٹ میں تشکر پاکستان کے نعرے لگائے گئے ۔ کشیدگی کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر سے کئی بار ٹیلیفونک را بطہ کر کے صورتحال پر بات چیت کی ۔

انہوں نے کہا ایران پر امریکی حملے کے بعد آرمی چیف سے درخوا ست کی کہ وہ استنبول میں رکتے ہوئے پاکستان جا ئیں ہم نہیں چاہتے تھے کہ ایران کو کوئی نیچا دکھائے ۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات کا یہ مطلب نہیں کہ کسی غلط چیز میں بھی اس کا ساتھ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھی کہ پاکستان واضح موقف نہیں دیگا ۔

لیکن ہم نے واضح پوزیشن لے کر بیان جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ تھا کہ ایران اپنے اوپر کئے گئے حملے کا بدلہ لئے بغیر پیچھے نہیں ہٹے گا اور یہی ہوا ایران نے قطر میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا ۔ تاہم ایران اس معاملے پر قطری حکام سے رابطے میں تھا تہران انے ان پرواضح کر دیا تھا کہ ہم قطر کے خلاف نہیں بلکہ دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال میں ایرانی ہم منصب سے مسلسل رابطے میں رہا ہوں ابھی بھی ہوں ۔ پاکستان ایران کے لئے باعزت سیز فائر کا خواہاں تھا ۔ ایران نے حملے کے بعد جنگبندی کی اب ہم چاہتے ہیں کہ یہ جنگبندی برقرار رہے ۔ انہوں نے کہا استنبول اعلامیہ میں بھی ہم نے ایران ، ، لبنان اور شام پر اسرائیلی حملوں کی واضح مذمت کی ۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی گئی۔

فلسطینیوں کو انہی کی سرزمین سے جبری بے دخلی کی مشترکہ طور پر مذمت کی گئی۔فلسطینی عوام کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے اس پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا سندھ طاس معاہدے، جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی, پاک بھارت کشیدگی کا بات چیت سے خاتمہ اعلامیہ کا حصہ تھا۔ کانفرنس میں کشمیری عوام سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام کو بھی اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ پاکستان اور افغانستان سے متعلق بھی کانفرنس میں تفصیلی بحث ہوئی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات