Live Updates

پاکستان میں بھارتی مداخلت روکی جائے، دنیا غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔وفاقی وزیر رانا قاسم نون کی پریس کانفرنس

جمعرات 17 جولائی 2025 18:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وفاقی وزیر و چئیرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں فتنتہ الہندوستان فساد برپا کر رہی ہے۔بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ذمہ دار بھارت اور مودی سرکار ہیں، ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہمارے معصوم لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے جس کی ذمہ دار مودی سرکار ہے۔

اس مداخلت کو فوری بند کیا جائے۔ چئیر مین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیراورغزہ میں انسانی حقوق کی پامالی پرپوری دنیا کو نوٹس لینا ہوگا۔بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اوررہےگا۔پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر کا مسئلہ اب صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان نہیں بلکہ اب یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے ہر صورت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے ۔

رانا قاسم نون نے کشمیری حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،پوری قوم سید شبیر احمد شاہ،یسین ملک،سید علی گیلانی اور دیگر رہنماؤں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتی ہے۔رانا قاسم نون نے پہلگام واقعہ پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس کی غیرجانبدارانہ انکوائری کی پیشکش کی مگر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور جنگ کو ترجیح دی۔

جس میں مودی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس عظیم فتح پر پوری پاکستانی قوم اور دنیا نے وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سول اور فوجی قیادت ایک صفحے پر ہیں۔حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کےلئے دن رات کوششوں میں ہیں ۔آئی ایم ایف کی شرائط کو دیکھتے ہوئے مہنگائی کو کم کیا جارہا ہے ۔

جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے مسائل کےلئے ہم نے ہمیشہ آواز بلند کی۔اگر ایک صوبہ بنایا گیا تو دوسرے بھی بنانے پڑیں گے۔جنوبی پنجاب کا بنیادی مسئلہ یہاں غربت اور پسماندگی کو دور کرنا ہے،جس کےلئے کوششیں جاری ہیں۔رانا قاسم نون نے کہا کہ یہاں کے کسانوں کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے۔جس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔حکومت اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے،کیونکہ زرعی ترقی کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔پریس کانفرنس میں مسلم لیگ نون کے ضلعی صدر بلال بٹ،جنرل سیکریٹری اطہرممتاز سمیت مقامی رہنما اورکارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات