پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم دفاعی معاہدہ پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خراج تحسین

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف ، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ سعودی عرب کا بھرپور خیر مقدم کرتا ہے اور اس دورہ کے دوران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو ستائش کی نظر سے دیکھتا ہے۔

اس معزز ایوان کی رائے میں اس معاہدہ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو گا۔ بلکہ پورے عالم اسلام کی سلامتی پر گہرے اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور یہ معاہدہ خطے میں امن واستحکام، باہمی دفاع اور اسلامی دنیا کی سالمیت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ ایوان سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلیمان کو بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان اس موقع پر سپہ سالار فواج پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ ان کی نڈر، بے باک ، مدبرانہ قیادت اور پیشہ وارانہ مہارت کے باعث حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف نہ صرف عسکری محاذ پر بھر پور کامیابیاں حاصل کیں بلکہ ان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

اس معزز ایون کی رائے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون کیا ہے اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں مملکت خداداد پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، جس پر یہ ایوان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کا شکر یہ ادا کرتا ہے۔

اس معزز ایوان کی رائے میں فلسطین، لبنان ، شام ، یمن ، ایران اور حال ہی میں دوحہ قطر پر اسرائیلی جارحیت اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی واضح طور پر عکاسی کرتا ہے اور اس معزز ایوان کی رائے میں یہ معاہدہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف ایک مضبوط Deterrence کا کردار ادا کرے گا۔اس معزز ایوان کی رائے میں یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا بلکہ عالم اسلام بالخصوص عرب ممالک میں امن و استحکام کا ضامن ثابت ہوگا۔

دونوں برادر اسلامی ممالک کے در میان دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اسلامی دنیا کے اتحاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایوان توقع رکھتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن ، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان ، سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ میں اپنا تاریخی کردار ادا کرتا رہے گا۔ اللہ تعالیٰ دونوں ممالک کو اتحاد، ترقی اور سلامتی عطافرمائے ۔