صدر ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو فوری پاکستان جا کر سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کے لئے کہا ہے، ان کا جنگ بندی کے لئے کردار جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے اہم تھا، بھارت کی سرحدپار دہشت گردی کا بھرپور جواب دے رہے ہیں، غیرملکی فنڈنگ سے دہشت گردی کی کارروائیا ں کرنے والے دہشت گردوں اور ایجنٹوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے صحافیوں کو امریکی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی،انہوں نے پاکستان کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا،ان سے دو طرفہ تعلقات خصوصا ًتجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی،امریکی صدر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ء گفتگو کی اور امریکی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ ہم نے مشترکہ منصوبوں کے لئے دستخط بھی کیے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بند کرانے میں کلیدی اور دانشمندانہ کردار ادا کیا ،صدر ٹرمپ کا جنگ بندی کا فیصلہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اہم تھا جس پر میں نے اپنی طرف سے اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی طرف سے ان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام پاک بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کے معترف ہیں، اگر جنگ بڑھتی تو خطے میں بہت تباہی ہوتی،اسی لئے امن کاوشوں پر ہم نے صدر ٹرمپ کو نوبل امن ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت سے جنگ جیت لی، اب امن جیتنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھارت کی سرحد پار دہشت گردی کا بھرپور جواب دے رہے ہیں، دہشت گردوں اور ایجنٹوں کا صفایا کیا جا رہا ہے جو غیر ملکی فنڈنگ سے دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔\932