صحافیوں کے بچوں کے لئے یونیورسٹی کی فیسوں میں رعایت دلوائوں گا،پیپلز پارٹی نےجمہوریت کی جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ مل کر ماریں کھائیں، سردار سلیم حید رخان

پیر 27 اپریل 2026 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ صحافیوں کے بچوں کے لئے یونیورسٹی کی فیسوں میں رعایت دلوائوں گا،پیپلز پارٹی نےجمہوریت کی جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ مل کر ماریں کھائیں،میڈیا ٹائون فیز 2 کے لئے صحافیوں کا مقدمہ ان کے ساتھ مل کر لڑوں گا،صدر آصف علی زرداری کا دورہ چین پاکستان کو طاقتور بنانے کے لئے ہے،فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو اللہ نے عزت دی ہے،پہلگام فالس فلیگ آج دنیا بھر میں جھوٹا ثابت ہو گیا ہے،کولیشن پارٹیاں مل کر عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گی،مخلوط حکومت بہترین طریقے سے چل رہی ہے، جب تک صدر آصف علی زرداری ہیں کوئی اختلاف نہیں ،سب ایک پیج پر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دینے کیلئے پریس کلب آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کے گن گائے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور بلاول بھٹو کی کامیاب سفارتکاری کی دنیا معترف ہے، پہلگام فالس فلیگ آج دنیا بھر میں جھوٹا ثابت ہو گیا ہے،پاکستانی قیادت کی محنت اور کامیاب سفارتکاری کے باعث سپر پاور امریکہ مذاکرات کی میز پر آیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جرأت مند جنرل عطا ء کیا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ نے عزت دی ہے، صدر ٹرمپ روزانہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہیں،پاکستان جنگ بند کرانے کے لئے بہترین کردار ادا کر رہا ہے اور انشاء اللہ اس میں کامیاب ہو گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ چین پاکستان کو طاقتور بنانے کے لئے ہے،پاک-چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی دشمن کی چالیں ناکام ہوں گی، پاک-چین دوستی کو کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی،اتحادی جماعتیں مل کر عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گی،مخلوط حکومت بہترین طریقے سے چل رہی ہے، جب تک صدر آصف علی زرداری ہیں کوئی اختلاف نہیں ،سب ایک پیج پر ہیں عوام مشکل میں ہوں تو تنقید کرتا ہوں،پوائنٹ سکورنگ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کیلئے جو کچھ ممکن ہوا ضرور کریں گے، صحافیوں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے فیسوں میں کمی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، گورنر ہاؤس کا بجٹ صحافیوں کو دینے پر نیب کا کیس بن سکتا ہے، آپ کو فنڈزذاتی حیثیت میں ضرور دوں گا،ہم نے جمہوریت کی جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ ماریں کھائیں ،میڈیا ٹائون فیز 2 کے لئے صحافیوں کا مقدمہ ان کے ساتھ مل کر لڑوں گا۔

قبل ازیں نیشنل پریس کلب آمد پر صدر این پی سی عبدالرزاق سیال سمیت دیگر منتخب قیادت نے گورنر پنجاب کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کیا۔صدر عبدالرزاق سیال نے گورنر پنجاب کو میڈیا ٹاؤن فیز ٹو، پریس کلب کے ممبران کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ اور ممبران کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول یونیورسٹز کی فیسوں میں زیادہ سے زیادہ رعایت دینے اور صحت کی بہترین سہولیات دینےکی درخواست کی۔