Live Updates

وزیر اعظم کاہرسال 10مئی کو یوم معرکہ حق بھرپور جوش وجذبے سے منانے کااعلان

معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا،وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں ،پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کیلئے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، شہبازشریف ایران میں امن قائم کرنے کیلئے پاکستان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، ایران کی جانب سے امریکا کیلئے جواب پاکستان کو موصول ہوگیا ہے، ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردارادا کیا،مونومنٹ پر تقریب سے خطاب

اتوار 10 مئی 2026 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے ہرسال 10مئی کو یوم معرکہ حق بھرپور جوش وجذبے سے منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا،وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں ہیں،پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کیلئے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے،ملک ایران میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، ایران کی جانب سے امریکا کیلئے جواب پاکستان کو موصول ہوگیا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردارادا کیا۔

(جاری ہے)

اتوارکوآپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادروطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے معرکہ حق میں فتح عطا کی، مادر وطن کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر بے بنیاد الزامات لگائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا، جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا، دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا، میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں اور پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہے گی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں 24کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑے رہے۔

ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک ایران میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، ہم نے 1979 کے بعد انہیں مذاکرات پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نے بتایا کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کے لیے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے ہر سطح پر آواز بلندکی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہمارے جوان بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، نوجوان ہی ہمارا سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات