/بھارت کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ بری طرح بے نقاب‘ آج بھارتی میڈیا دنیا بھر میں مذاق بن چکا ہے‘ اسپیکر قومی اسمبلی

پیر 11 مئی 2026 20:08

/بھارت کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ بری طرح بے نقاب‘ آج بھارتی میڈیا دنیا ..
ؒاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2026ء) سپیکر قومی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پورے جوش و خروش سے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ منا رہا ہے، جبکہ 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن اور تابناک دن ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 10 مئی کو بہادر افواجِ پاکستان نے پاک سرزمین کی جانب بڑھتے دشمن کے ناپاک قدموں کو روکا اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑی دشمن فوج کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن رات کی تاریکی میں پاکستان کے پرامن اور نہتے عوام پر حملہ آور ہوا، تاہم قوم اور افواجِ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن زمینی محاذ پر اپنی چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوا جبکہ پاک فضائیہ نے دنیا کے سامنے اپنی فیصلہ کن فضائی برتری تسلیم کروائی۔

اسپیکر نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے سات جہاز تباہ کیے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان بحریہ نے بھی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو اپنی بندرگاہوں تک محدود رکھا۔

انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو ہدیہ تشکر پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے اور آج بھارتی میڈیا دنیا بھر میں مذاق بن چکا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ دنیا جان چکی ہے کہ پہلگام ایک فالس فلیگ آپریشن تھا، جس کے ذریعے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خلیج فارس میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران بھی پاکستان نے واضح کیا کہ وہ امن کا پیامبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت سے جڑا ہوا ہے، جبکہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر آ کر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق دینا ہوگا۔

سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو غیر قانونی اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آبی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دینے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی برادری کی توجہ خطے میں بھارتی توسیع پسندانہ پالیسیوں کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ بھارتی توسیع پسندانہ ذہنیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے معرکہ? حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کے دل اپنے بہادر اور جری شہداء کی یاد سے منور ہیں، جنہوں نے دشمن کے بڑھتے قدم روکنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ? حق میں اللہ تعالیٰ نے پاک افواج کو فتحِ مبین سے نوازا، جس سے افواجِ پاکستان اور پاک سرزمین کے عزت و وقار میں بے مثال اضافہ ہوا، اور پوری قوم پر لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اس فضل و کرم پر شکر ادا کرے۔