سردارایازصادق کی معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر مسلح افواج پاکستان اور قوم کو مبارکباد

پیر 11 مئی 2026 20:11

سردارایازصادق کی معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر مسلح افواج پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر مسلح افواج پاکستان اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان نے اپنے سے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑے دشمن کو اس معرکہ میں ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ نے اپنی فیصلہ کن برتری دنیا کے سامنے تسلیم کرائی، آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا، دنیا جان چکی ہے کہ پہلگام ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔

پیر کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس میں معرکہ حق کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ، وطن عزیز پورے جوش و خروش سے معرکہ حق -آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ منا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 مئی کا دن ملکی تاریخ کا روشن اور تابناک دن ہے، 10 مئی کو ہماری بہادر افواج نے پاک سر زمین کی جانب بڑھتے ہوئے دشمن کے ناپاک قدموں کو روکا۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے اپنے سے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑی دشمن فوج کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، بزدل دشمن رات کی تاریکی میں پاکستان کے پرامن اور نہتے عوام پر حملہ آور ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قوم اور افواج پاکستان وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سپاہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہی، دشمن زمینی محاذ پر اپنی چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے دنیا کے سامنے اپنی فیصلہ کن فضائی برتری تسلیم کرائی، معرکہ حق کے دوران پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے سات جہاز تباہ کئے، آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے ہر افسر اور جوان کو قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان بحریہ نے پیشہ وارانہ مہارت سے دشمن کو اپنی بندرگاہوں تک محدود رکھا، قوم پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو ہدیہ تشکر ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جھوٹ سے بھرپور بیانیہ بھی بری طرح بے نقاب ہوا، آج ہندوستانی میڈیا دنیا بھر میں ایک مذاق بن چکا ہے، دنیا جان چکی ہے کہ پہلگام ایک فالس فلیگ آپریشن تھا، فالس فلیگ آپریشن علاقائی اور عالمی امن کو شدید خطرے میں ڈالنے کی بھارت کی مذموم کوشش تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، خلیج فارس میں جاری کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا پیامبر ہے، پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا، برصغیر میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے جڑا ہوا ہے، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آ کر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی عوام کو ان کا حق دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جاری آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیر قانونی اور انتہائی قابل مذمت ہے، پاکستان بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بین الاقوامی پارلیمانی برادری کی توجہ خطے میں جاری بھارتی توسیع پسندی کی طرف دلاتا ہوں، بھارتی توسیع پسندانہ ذہنیت بین الاقوامی امن کیلئے خطرہ ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم کے دل اپنے بہادر اور جری شہدا کی یاد سے منور ہیں، شہدا نے دشمن کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، قوم کو اپنے بہادر اور جری شہدا پر فخر ہے ، اللہ تعالی کے حضور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں، معرکہ حق میں اللہ تعالی نے پاک افواج کو فتحِ مبین سے نوازا، فتحِ مبین سے افواجِ پاکستان اور پاک سرزمین کے عزت و وقار میں بے مثال اضافہ ہوا، پوری قوم پر لازم ہے کہ وہ اللہ تعالی کے اس بے پایاں فضل و کرم پر سربسجود ہو کر شکر ادا کرے۔