طالبان کے ہاتھوں مغوی امریکی فوجی کی ویڈیو برآمد،زندہ ہونے کی تصدیق

جمعہ 17 جنوری 2014 07:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)امریکہ نے گزشتہ ہفتے اپنے مغوی فوجی باؤبر گڈل کے زندہ ہونے کے ثبوت پر مبنی ایک ویڈیو حاصل کی ہے،جسے 2009ء میں افغان طالبان نے پکڑ لیا تھا،یہ بات گزشتہ روز ایک دفاعی عہدیدار نے بتائی۔یہ پہلی ویڈیو ہے جو برگڈل کے تقریباً3سالوں کے بعد سے تاحال زندہ ہونے کا ثبوت فراہم کر رہی ہے۔امریکی فوج کا یہ سرجنٹ واحد امریکی فوجی ہے جسے طالبان جنگجوؤں نے حراست میں لیا تھا۔

دفاعی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا ہم نے ان کے زندہ ہونے بارے ثبوت پر مبنی ویڈیو حاصل کی ہے۔این بی سی نیوز نے ایک نامعلوم عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو میں امریکی فوجی برگڈل حال میں انتقال کرنے والے جنوبی افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا کی موت کا حوالہ بھی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ستمبر میں امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ برگڈل کی محفوظ رہائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے کامیابی سے ہمکنار ہونگے۔

یہ فوجی جون2009ء میں مشرقی صوبہ پکتیکا میں واقع فوجی اڈے سے لاپتہ ہوا تھا اور طالبان نے بعد ازاں یہ کہا تھا کہ اسے انہوں نے گرفتار کیا ہے۔امریکی حکام نے ایک مرحلے پر کیوبا میں موجود گوانتاناموبے کے حراستی سنٹر میں طالبان قیدیوں کی رہائی کے بدلے اسکی رہائی پر غور کیا تھا لیکن یہ معاہدہ حتمی شکل طے نہ پاسکا۔

متعلقہ عنوان :