شارجہ :پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا پہلا دن ، سری لنکا نے 5وکٹوں پر 220رنز بنا لئے ، سنگاکارا کی ففٹی ، سعید اجمل کی 2وکٹیں ، کھیل کے اختتام پر کپتان میتھیوز 24اور بی جے وردھنے 28رنز کے ساتھ کریز پر موجود ،تیسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم میں 3تبدیلیاں ، محمد حفیظ ، بلاول بھٹی ، راحت علی تیسرے ٹیسٹ میں سکواڈ کا حصہ نہیں

جمعہ 17 جنوری 2014 07:09

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا پہلا دن سری لنکن بیٹسمین کے نام رہا ، سری لنکا نے 5وکٹوں پر 220 رنز بنا لئے ، سنگاکارا کی ففٹی ، سعید اجمل 2وکٹیں لے اڑے ۔ شارجہ ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 31رنز کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گری جب کوشل سلوا 17رنز بنانے کے بعد محمد طلحہ کی بال پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے ۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ 65 پر گری جب کرونارتنے 34رنز بنا کر عبدالرحمان کی گیند پر سلپ میں یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،125 پر سنگاکارا 52رنز بنانے کے بعد جنید خان کا شکار بنے ،159رنز پر سری لنکا کی چوتھی وکٹ گری جب جے وردھنے 47رنز بنا کر سعید اجمل کی بال پراظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوئے ،166 پر پانچویں وکٹ گری جس میں چندی مل 11رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بن گئے ۔

(جاری ہے)

پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 5وکٹوں پر 220رنز بنا لیے تھے ۔ میتھیوز 24 اور بی جے وردھنے 28رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 2 ، جنید خان ، محمد طلحہ اور عبدالرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔تیسر ے ٹیسٹ میں پاکستان نے تین تبدیلیاں کی ٹی 20کپتان محمد حفیظ کی جگہ اظہر علی ، انجریز کا شکار ہونے والے بلاول بھٹی کی جگہ محمد طلحہ اور راحت علی جگہ عبدالرحمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکاکی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔