شمالی کوریا منقسم خاندانوں کی ملاقات منسوخ نہ کرے،جنوبی کوریا

ہفتہ 8 فروری 2014 08:18

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء)جنوبی کوریا کی صدر نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ کوریائی جنگ میں بچھڑنے والے خاندانوں کی دوبارہ ملاقات کی میزبانی منسوخ نہ کرے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر پارک گیئون ہئی نے جمعہ کو سیول میں ہونے والے ایک دفاعی امور کے اجلاس میں کہا کہ شمالی کوریا کو چاہیئے کہ وہ منقسم خاندانوں کو دوبارہ تکلیف نہ پہنچائے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال بھی دونوں ملکوں نے خاندانوں کی ملاقات پر اتفاق کیا تھا لیکن شمالی کوریا نے آخری لمحات میں جنوبی کوریا پر کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے یہ ملاقات منسوخ کر دی تھی۔جمعرات کو پیانگ یانگ نے دھمکی دی تھی کہ اگر سیول اور واشنگٹن نے اپنی مشترکہ فوجی مشقوں کے منصوبے پر عملدرآمد کیا تو وہ منقسم خاندانوں کی اعلان کردہ تازہ ملاقات کے معاہدے کو منسوخ کر دے گا۔

سرکاری ٹی وی پر شمالی کوریا کے دفاعی کمیشن سے منسوب یہ بیان سامنے آیا تھا کہ جنگی مشقیں دونوں کوریائی ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری سے میل نہیں کھاتیں۔تاہم جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان کم من سیوک کا اصرار تھا کہ سیول رواں ماہ ہونے والی مشترکہ جنگی مشقیں منسوخ نہ کرنے کے عزم پر قائم ہے۔