حلب کی سینٹرل جیل پر باغیوں کا قبضہ، سینکڑوں قیدی چھڑا لیے،حکومت کی جانب سے جیل پر قبضے کی تردید

ہفتہ 8 فروری 2014 08:19

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء)شام میں انقلابی کارکنوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حلب شہر کی سینٹرل جیل کیایک حصے پر باغیوں کی نمائندہ "جیش الحر" نے قبضہ کرلیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان حلب سینٹرل جیل کے آس پاس گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ جیش الحر نے جمعرات کے روز جیل کی پہلی بلڈنگ پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا تھا جس کے بعد جیل کے بقیہ حصے کی طرف پیش قدمی شروع کردی گئی تھی۔

سرکاری فوج کی جانب سے باغیوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں انہیں پیش قدمی میں قدرے مشکل کا سامنا ہے۔دوسری جانب شامی حکومت نے حلب سینٹرل جیل پر باغیوں کے قبضے کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔ سرکاری موقف میں بتایا گیا ہے کہ مسلح افواج کو حلب سینٹرل جیل پر مسلح حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن باغیوں کو پسپا کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرانسانی حقوق کے ادارے "سیرین آبزرویٹری" کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جیش الحر نے حلب سینٹرل جیل پرحملے کے بعد جیل میں قید سیکڑوں افراد کو چھڑا لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق باغی فوج نے جیل کے بیشتر حصے پر اپنا کنٹرول مضبوط بنا لیا ہے لیکن سرکاری ٹیلی ویڑن نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔انسانی حقوق آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ القاعدہ سے وابستہ گروپ "النصرہ فرنٹ" اور شام فریڈم موومنٹ نے حلب سینٹرل جیل کے 80 فی صد حصے پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سیکڑوں قیدیوں کو چھڑا لیا ہے۔

جیل کے بقیہ حصے پر قبضے کے لیے لڑائی جاری ہے۔سرکاری ٹیلی ویڑن کی رپورٹ میں حلب جیل پر باغیوں کے قبضے کی خبرکو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری بہادر افواج اور جیل کے حفاظتی عملے نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے اور باغی بھاری جانی نقصان کے بعد پسپا ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ سرکاری فوج نے حمص کے قدیم شہروں اور کالونیوں کا پچھلے 600 دنوں سے محاصرہ کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین، بچے اورمعمر افراد بھوک، بیماریوں اور سردی سے مر رہے۔

متعلقہ عنوان :